محکمہ خوراک نے فیصل آباد ڈویژن کے 2اضلاع فیصل آباد اور جھنگ کے بعد ٹوبہ ٹیک سنگھ اور چنیوٹ میں بھی کاشتکاروں میں باردانہ کی تقسیم شروع کردی ، کاشتکاروں کو روزانہ صبح9سے شام5بجے تک پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر باردانہ فراہم کیاجارہا ہے ،کاشتکاروں کی سہولت کیلئے باردانہ کی فراہمی میں کسی مشکل کی صورت میں فوری رابطہ کیلئے ٹال فری نمبرز بھی جاری کردئیے گئے، ٹال فری نمبرز کی سہولت 24گھنٹے جاری رہے گی

بدھ 22 اپریل 2020 13:41

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2020ء) محکمہ خوراک نے فیصل آباد ڈویژن کے 2اضلاع فیصل آباد اور جھنگ کے بعد ٹوبہ ٹیک سنگھ اور چنیوٹ میں بھی کاشتکاروں میں باردانہ کی تقسیم شروع کردی ہے اور ان علاقوں کے کاشتکاروں کو روزانہ صبح9سے شام5بجے تک پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر باردانہ فراہم کیاجارہا ہے جبکہ کاشتکاروں کی سہولت کیلئے باردانہ کی فراہمی میں کسی مشکل کی صورت میں فوری رابطہ کیلئے ٹال فری نمبرز بھی جاری کردئیے گئے ہیںاورڈویژن بھر کے کاشتکاروں سے کہاگیاہے کہ وہ کسی قسم کی پریشانی کی صورت میں ٹال فری نمبر 0800-60606اور0800-13505یاموبائل فون نمبر 0301-0949301پر رابطہ کرسکتے ہیں نیز مذکورہ ٹال فری نمبرز کی سہولت 24گھنٹے جاری رہے گی ۔

ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ خوراک فیصل آباد ریجن سردار سیف اللہ جوئیہ نے بدھ کے روز اے پی پی کو بتایاکہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور محکمہ خوراک کے دیگر اعلیٰ افسران سمیت صوبائی وزراء ،سیکرٹریز ، کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز خود گندم کے خریداری مراکز کے دورے کرکے وہاں باردانہ کی تقسیم کے عمل کا جائزہ لے رہے ہیں تاکہ کاشتکاروں کو باردانہ کی شفاف انداز میں فراہمی میں کسی رکاوٹ کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ خریداری مراکز پر کورونا کی وباء سے تحفظ کیلئے خصوصی اقدامات کو یقینی بنایاگیا ہے ۔ انہوں نے بتایاکہ تاحال موسمی خرابی ، مسلسل بارشوں اور گندم کے نہ پکنے کے باعث خریداری کا عمل شروع نہیں ہوسکا تاہم امیدہے کہ آئندہ دوچار روز میں گندم کی فصل مکمل طورپر پک کر تیار ہوجائے گی جس کے بعد ہنگامی بنیادوں پر گندم کی خریداری کے عمل کا آغاز کردیاجائیگا اور گندم کی خرید کیلئے پروکیورمنٹ سینٹرز ہفتہ وار تعطیل کو بھی کھلے رہیں گے ۔

انہوں نے بتایاکہ حکومت کی جانب سے فراہم کردہ اہداف کے مطابق ضلع فیصل آباد سے 1لاکھ 75ہزار 25ٹن ، ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ سی1لاکھ 9ہزار 504ٹن، ضلع جھنگ سے 2لاکھ 82ہزار 961ٹن اور ضلع چنیوٹ سی59ہزار 466ٹن گندم خریدی جائے گی ۔ انہوں نے بتایاکہ گندم کی خریداری کیلئے فیصل آباد میں 11،ٹوبہ ٹیک سنگھ میں7، جھنگ میں17اور چنیوٹ میں 5مراکز سمیت کل 40خریداری مراکز قائم کئے گئے ہیں۔

انہوں نے بتایاکہ باردانہ کے حصول کیلئے آن لائن درخواستیں طلب کی گئی ہیں جبکہ مینول طریقے سے بھی درخواستوں کی وصولی جاری ہے ۔انہوں نے بتایاکہ فیصل آباد،جھنگ ، ٹوبہ ٹیک سنگھ ، چنیوٹ میں باردانہ کی فراہمی شروع کردی گئی ہے اور یہ عمل آئندہ 30روز تک جاری رکھاجائے گا۔ انہوں نے بتایاکہ چونکہ حالیہ بارشوں کے دوران ابھی گندم کی فصل اچھی طرح پک کر تیار نہیں ہوئی اسلئے کاشتکار گندم کی کٹائی میں جلد بازی کا مظاہرہ نہ کریں اور گندم کو خشک کرکے باردانہ میں بھرائی کے بعد خریداری مراکز پر لایاجائے کیونکہ وہاں 10فیصد سے زائد نمی والی گندم خرید نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے بتایاکہ کاشتکاروں سی1400 روپے فی 40کلوگرام کے حساب سے گندم خریدی جائے گی اور ہر100کلوگرام گندم پر 9روپے سبسڈی بھی دی جائے گی۔ انہوں نے بتایاکہ فی ایکڑ باردانہ کی مقدار معین نہ ہوگی جبکہ کوئی بھی فرد یا ادارہ فوڈ گرین لائسنس کے بغیر گندم خریدنے یا ذخیرہ کرنے کا مجاز نہ ہوگا ۔ انہوں نے بتایاکہ اگر کسی جگہ گندم کی غیر قانونی خریداری پائی گئی تو مذکورہ گندم بحق سرکار ضبط کرلی جائے گی۔انہوں نے بتایاکہ گندم کی خریداری کو آسان بنانے کیلئے پہلی بار گرداوری کی شرط ختم کردی گئی ہے اور کاشتکاروں کو گندم کی رقم کسی بھی بینک سے وصول کرنے کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے جس سے انہیں اپنی رقم کے حصول میں مزید آسانیاں ہونگی ۔