چارے میں موجود بیماری کے جراثیم گرمی کے باعث زہریلا مادہ پیدا کر کے جانوروں کی بیماریوں کے پھیلائو کا باعث بن سکتے ہیں،محکمہ لائیو سٹاک کی مئی و جون میں بھیڑ بکریوں کو مہلک امراض سے بچانے کیلئے حفاظتی ٹیکے لگوانے کی ہدایت

بدھ 22 اپریل 2020 15:19

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2020ء) محکمہ لائیو سٹاک وڈیری ڈویلپمنٹ نے گوشت و دودھ کی پیداوار میں اضافہ اور بھیڑ بکریوں کو مہلک و متعدی امراض سے بچانے کیلئے انہیں مئی اور جون کے دوران حفاظتی ٹیکے لگوانے کی ہدایت کی ہے ۔ محکمہ لائیو سٹاک فیصل آباد ڈویژن کے ڈائریکٹر ڈاکٹر محمود اختر نے اے پی پی کو بتایا کہ چارے میں موجود بیماری کے جراثیم گرمی کے باعث زہریلا مادہ پیدا کر کے جانوروں کی بیماریوں کے پھیلائو کا باعث بن سکتے ہیں۔

انہوںنے بتا یا کہ اگر جانور سست ہو جائے ، چارہ کھانا ، پانی پینا چھوڑ دے اور اسے بخار و دست کی شکائت محسوس ہو تو یہ اس بات کی علامت ہے کہ اس پر انتڑیوں کے زہر کے مرض نے حملہ کر دیا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ مذکورہ صورتحال پیدا ہوتے ہی جانوروں کو فوری طور پر علاج کیلئے قریبی مرکز حیوانات پر پہنچایا جائے اور اس کی جسمانی ضرورت سے زیادہ چارہ فراہم کر نے سے گریز کیا جائے ۔

(جاری ہے)

ا نہوںنے کہا کہ بھیڑ بکریوں کو انتڑیوں کے زہر کے مرض سے بچانے کیلئے ڈیڑھ ماہ کی عمر میںپہلا،اڑھائی ماہ کی عمر میں دوسرا اور آٹھ ماہ کی عمر میں تیسرا حفاظتی ٹیکہ لگوایا جائے ۔ انہوںنے بتایا کہ اس ضمن میں ایک فری ہیلپ لائن بھی قائم کی گئی ہے لہٰذا اگر لائیو سٹاک فارمرز اس ضمن میں مزید مشاورت ، معلو مات یا رہنمائی حاصل کرنا چاہیں تو وہ صبح 8سے رات 8بجے تک فری ہیلپ لائن پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :