محکمہ زراعت پنجاب نے کاشتکاروں کو گندم کی کٹائی ،گہائی اور سٹور کرنے سے متعلق سفارشات جاری کردیں

بدھ 22 اپریل 2020 17:57

لاہور۔22 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2020ء) ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے بتایا ہے کہ کاشتکار گندم کی کٹائی پوری طرح پکنے پر کریں اور محکمہ موسمیات کی بارشوںسے متعلق پیشنگوئی کو مدِ نظر رکھیں۔فصل کی بروقت سنبھال کیلئے کٹائی اور گہائی سے پہلے مزدوروں ،تھریشر،ٹریکٹر،ترپال یا پلاسٹک شیٹ اور کمبائن ہارویسٹر کا انتظام کر لیں۔

ترجمان نے مزید کہا کہ امسال بارشین معمول سے زیادہ ہوئیں ہیں اور درجہ حرارت بھی کم رہا ہے اس لئے کاشتکار گندم کی کٹائی فصل کے پوری طرح پکنے پر کریں۔اگر کمبائن ہارویسٹر سے برداشت کرنی ہو تو توڑی یا بھوسہ کی سنبھال کیلئے ویٹ سٹرا چاپر مشین کا استعمال کریں۔کاشتکار بارش ہونے کی صورت میں کٹائی روک دیں۔گندم کے کھیتوں میں بارش کے پانی کے اخراج کیلئے فوری بندوبست کریں اور کٹائی موسم کے بہتر ہونے پر دوبارہ شروع کریں۔

(جاری ہے)

کٹائی کے بعد بھریاں قدرے چھوٹی باندھیں اور سٹوں کا رخ ایک ہی طرف رکھیں۔کھلواڑے چھوٹے رکھیں اور اونچے کھیتوں میں کھلیان لگائیں اور اس کے اردگرد کھائی ضرور بنا لیں۔کاشتکار اگلے سال کے بیج کیلئے بیماریوں سے پاک فصل کا انتخاب کریں اور فصل کو برداشت سے پہلے جڑی بوٹیوں،کانگیاری اور غیر اقسام کے پودوں سے پاک کرلیں۔فصل کی ہر قسم کیلئے علیحدہ علیحدہ کھلیان لگائیں۔

گہائی سے پہلے اور بعدتھریشر یا کمبائن ہارویسٹر اچھی طرح صاف کرلیں۔بوری میں بیج ڈالتے وقت گندم کی قسم کا نام ضرور لکھیں۔بیج کیلئے محفوظ کیے جانے والے دانوں میں نمی زیادہ سے زیادہ10 فیصد ہونی چاہیے۔بیج کو ذخیرہ کرنے سے قبل سٹور کو اچھی طرح صاف کرلیں اور ذخیرہ شدہ ہر بوری پر قسم کا نام ضرور لکھیں۔سٹور کو بحساب35-30زہریلی گولیوں سے فی ہزار مکعب فٹ دھونی دیںاور72 گھنٹوں کے بعدسٹور کو کھلا چھوڑ دیں۔ترجمان نے مزید کہا کہ ملک میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے تناظر تمام کاشتکار و فیلڈ ورکرز حفاظتی تدابیر پر عمل کریں۔