وفاقی وزیر نجکاری محمد میاں سومرو کی مشیر پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان سے ملاقات‘ ملک کی تازہ ترین صورت حال پر تبادلہ خیال

جمعرات 23 اپریل 2020 23:40

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2020ء) وفاقی وزیر نجکاری محمد میاں سومرو نے مشیر پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان سے ملاقات کی ہے۔ جمعرات کو انہوں نے بابر اعوان کی رہائش گاہ پر ملاقات میں ملک کی تازہ ترین صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر مختلف اداروں کی ممکنہ نجکاری کے عمل پر بھی غور کیا گیا۔ محمد میاں سومرو نے کہا کہ کورونا کی صورت حال کے باعث نجکاری کا عمل فی الحال معطل کیا گیا ہے۔

حالات معمول پر آتے ہی زیر التواء معاملات میں تیزی لائی جائیگی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت کی ساری توجہ اس وقت وباء پر قابو پانے اور عوام تک ریلیف پہنچانے پر مرکوز ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں مخیر حضرات کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔

(جاری ہے)

ملاقات میں پارلیمانی امور سے متعلق بھی تفصیلی بات چیت کی گئی۔ بابر اعوان نے کہا کہ قانون سازی کا عمل تیز کرنے کیلئے پارلیمانی کاروائی شروع کرنے پر غور کیا جا رہا ہے اور اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ رابطے جاری ہیں، جلد پارلیمنٹ کا اجلاس بلائے جانے کا امکان ہے۔

بابر اعوان نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر زیر التواء بلز پر قانون سازی مکمل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی صورت حال دیکھ کر اہم فیصلے کرنے ہوں گے۔ بابر اعوان نے کہا کہ وزیراعظم نے آج ملکی تاریخ کی سب سے بڑی ٹیلی تھون کی ہے۔ امید ہے پاکستانی اور بیرون ملک رہنے والے ہم وطن مشکل گھڑی میں بھرپور ساتھ دیں گے۔ بابر اعوان نے کہا کہ وزیراعظم کے عوامی ریلیف کے اقدامات کو عالمی سطح پر بھی سراہا جا رہا ہے، حکومت کی جامع حکمت عملی وباء پر قابو پانے کا موثر طریقہ ہے۔