Live Updates

تحریک انصاف اور سائوتھ ایشیائ پارٹنر شپ پاکستان کے اشتراک سے این اے 127میں راشن ڈرائیو جاری

یونین کونسل 120کی آبادیوں کے مستحق گھرانوں میں راشن کی تقسیم ،رمضان المبارک کا پورا مہینہ راشن تقسیم کیا جائیگا اپوزیشن موجودہ حالات میںسیاست سیاست کھیلنے کی بجائے عملی طور پر میدان میں آئی' جمشید اقبال ،مسرت جمشید چیمہ

جمعہ 24 اپریل 2020 11:54

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2020ء) پاکستان تحریک انصاف اور سائوتھ ایشیائ پارٹنر شپ پاکستان کے اشتراک سے حلقہ این اے 127میں راشن ڈرائیو جاری ہے جس کے تحت حلقے کی تمام یونین کونسلوں میں مستحق افراد میں راشن کی تقسیم کیا جارہا ہے جو رمضان المبارک کا پورا مہینہ جاری رہے گا ۔ گزشتہ روز تحریک انصاف کے مرکزی رہنما ، سیکرٹری جنرل انصاف ویلفیئر ونگ جمشید اقبال چیمہ ،ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ اورسائوتھ ایشیائ پارٹنر شپ پاکستان کے نمائندوں نے حلقہ این اے 127 کی یونین کونسل 120کچی آبادی سنگھ پورہ ریلوے کوارٹرز کے مستحق خاندانوں میں بغیر کسی سیاسی تفریق کے راشن تقسیم کیا ۔

اس عمل کے دوران کورونا وائرس سے بچائو کیلئے طے شدہ ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کیاگیا ۔

(جاری ہے)

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جمشید اقبال نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایات کے مطابق مستحق افراد کی بلا تفریق مدد کی جاری ہے اور یہ ان لوگوں پر کوئی احسان نہیں بلکہ ہمارا فرض ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو بھی دعوت دیتے ہیں کہ وہ سیاست سیاست کھیلنے کی بجائے عملی طور پر لوگوں کی مدد کے لئے میدان میں آئیں ۔

انہوں نے کہا کہ وزیرا عظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار کا واضح اعلان ہے کہ ہم اپنے کمزور طبقات کا سہارا بنیں گے ۔ ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ تاریخ میں پہلا موقع ہے کہ کسی حکومت نے کمزور طبقات اور معیشت کو چلانے والے شعبوں کے لئے 1200ارب روپے کا پیکج دیا ہے ۔ احساس کفالت پروگرام کے تحت ایک ایک پائی شفاف طریقے سے مستحقین تک پہنچائی گئی ہے اور انشا اللہ اسی طرح انصاف امداد پروگرام کے تحت بھی 12ہزار وپے فی کس مستحق خاندان میں تقسیم کئے جائیں گے ۔

مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ شہباز شریف کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے کوئی تجویز دینے یا امدادی کاموں میں تعاون کرنے کی بجائے صرف لیپ ٹاپ کے سامنے بیٹھ کر اپنے رہنمائوں کو حکومت کے خلاف منفی پراپیگنڈا اور مایوسی پھیلانے کا درس دے رہے ہیں جو قابل مذمت ہے ۔ انہوںنے کہا کہ عوام سے اپیل ہے کہ کورونا وائرس کا خطرہ ٹلا نہیں ہے اس لئے سنجیدگی کا مظاہرہ کریں اور غیر ضروری طو رپر گھروں تک باہر نکلنے سے گریز کریں ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات