قومی اسمبلی کا ورچوئل سیشن بلانے کے لئے پارلیمانی جماعتوں کے سربراہان کو مشاورت کی غرض سے مدعو کرنے کے لئے خطوط ارسال

جمعہ 24 اپریل 2020 13:09

قومی اسمبلی کا ورچوئل سیشن بلانے کے لئے پارلیمانی جماعتوں کے سربراہان ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2020ء) کورونا وائرس کی وبا کی صورتحال میں قومی اسمبلی کا ورچوئل سیشن بلانے کے لئے پارلیمانی جماعتوں کے سربراہان اور لیڈرز کو مشاورت کے لئے بدھ 29 اپریل کومدعو کرنے کے لئے خطوط ارسال کر دیئے گئے ہیں۔ جمعہ کو قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق خصوصی پارلیمانی کمیٹی کے چیئرمین وفاقی وزیر سید فخر امام نے کمیٹی کے 21 اپریل کو ہونے والے اجلاس کے فیصلے کے تحت پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی لیڈر خواجہ محمد آصف، عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد ، متحدہ مجلس عمل کے پارلیمانی لیڈر اسعد محمود، جمہوری وطن پارٹی سے نوابزادہ شاہ زین بگٹی اور عوامی نیشنل پارٹی سے امیر حیدر ہوتی کو مدعو کیا ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان تحریک انصفاف سے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر مخدوم شاہ محمود قریشی، جی ڈی اے سے غوث بخش خان مہر، پاکستان مسلم لیگ سے طارق بشیر چیمہ، بلوچستان عوامی پارٹی سے خالد حسین مگسی، بلوچستان نیشنل پارٹی سے اختر مینگل اور متحدہ قومی موومنٹ سے ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔ کمیٹی پارلیمانی رہنمائوں سے مشاورت کے بعد کورونا وائرس کی موجودگی کے دوران قومی اسمبلی کے ورچوئل اجلاس منعقد کرنے کے لئے اپنی سفارشات پارلیمانی جماعتوں کے سربراہوں اور پارلیمانی لیڈرز سے مشاورت کے بعد سپیکر قومی اسمبلی کو پیش کرے گی۔ مشاورت کے لئے مدعو کئے جانے والے پارلیمانی رہنما ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میںشرکت کر سکیں گے۔