ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے احساس ایمرجنسی کیش انفارمیشن پورٹل کا اجراء کردیا

جمعہ 24 اپریل 2020 19:21

ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے احساس ایمرجنسی کیش انفارمیشن پورٹل کا اجراء کردیا
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2020ء) وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ و تخفیف غربت ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے جمعہ کو احساس ایمرجنسی کیش انفارمیشن پورٹل کا اجراء کیا۔ شفافیت اور میرٹ احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے بنیادی اصولوں میں شامل رہے ہیں۔ انہی اصولوں کے تناظر میں اس معلوماتی پورٹل کا آغازکیا گیا ہے۔

وزیر اعظم پاکستان نے اس پورٹل کے اجراء کی منظوری 22 اپریل کو دی تھی۔ احساس انفارمیشن پورٹل کی بدولت کوئی بھی شخص ملک بھر کے کسی بھی ضلع اور تحصیل کی سطح تک احساس ایمرجنسی کیش سے استفادہ کرنے والے خاندانوں کی تعداد اور اب تک تقسیم کی جانے والی رقم کے بارے میں معلومات حاصل کر سکے گا۔ پروگرام میں شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے احساس ایمرجنسی کیش انفارمیشن پورٹل پر یہ تفصیل بھی موجود ہے کہ احساس کے شراکت دار بینکوں کو اس پروگرام کے سلسلے میں مستحق صارفین کو دینے کے لیے کتنی رقم جاری کی گئی اور کتنے صارفین نے یہ رقم نکلوا لی۔

(جاری ہے)

احساس ایمرجنسی کیش انفارمیشن پورٹل کی تفصیلات بتاتے ہوئے معاون خصوصی ڈاکٹر نشتر نے کہا کہ اس پورٹل پر موجود ڈیش بورڈز پر احساس ایمرجنسی کیش کی تینوں کیٹیگرز کے صارفین کی تفصیلات بمعہ ان کی رہائش کے علاقہ، تحصیل، ضلع اور صوبہ کے موجود ہے۔ کیٹیگری(I) میں کفالت کے صارفین شامل ہیں، جس میں صوبوں کا حصہ 2010 میں طے ہوا تھا جبکہ کیٹیگری(II) میں صوبوں کا حصہ 2017 کی مردم شماری کے حساب سے ہے۔

صوبہ سندھ کے اعدادوشمار اس پروگرام کی Category-I میں سب سے زیادہ ہیں۔ یہ حقائق اس بات کی عکاسی کرتے ہیں کہ یہ پروگرام ہر طرح کی سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر چلایا جا رہا ہے۔ اس پورٹل سے عوام احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے تحت جاری مالی امداد کی تقسیم کے آپریشنز کے متعلق براہ راست معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔احساس ایمرجنسی کیش انفارمیشن پورٹل کے قیام کا مقصد کورونا وائرس کی صورت حال سے متاثرہ مستحقین میں احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے تحت جاری مالی معاونت کی فراہمی کے پورے عمل کو شفاف بنانا اور اس حوالہ سے تمام معلومات سے عوام کو آگاہ کرنا ہے۔

احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے تحت مستحق خاندانوں میں مالی ا مداد کی تقسیم کا عمل پورے ملک میں جاری ہے۔ 9 اپریل سے 24اپریل 2020تک کل 5.740 ملین مستحق خاندانوں کو68.885 بلین روپے کی مالی امداد دی جا چکی ہے۔