Live Updates

اپوزیشن موجودہ حالات میںسیاست سیاست کھیلنے کی بجائے عملی طور پر میدان میں آئے، جمشید اقبال ،مسرت چیمہ

تحریک انصاف اور سائوتھ ایشیاء پارٹنر شپ پاکستان کے اشتراک سے این اے 127میں راشن ڈرائیو جاری ٪یونین کونسل 120کی آبادیوں کے مستحق گھرانوں میں راشن کی تقسیم ،رمضان المبارک کا پورا مہینہ راشن تقسیم کیا جائیگا

جمعہ 24 اپریل 2020 22:54

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 اپریل2020ء) پاکستان تحریک انصاف اور سائوتھ ایشیاء پارٹنر شپ پاکستان کے اشتراک سے حلقہ این اے 127میں راشن ڈرائیو جاری ہے جس کے تحت حلقے کی تمام یونین کونسلوں میں مستحق افراد میں راشن کی تقسیم کیا جارہا ہے جو رمضان المبارک کا پورا مہینہ جاری رہے گا ۔ گزشتہ روز تحریک انصاف کے مرکزی رہنما ، سیکرٹری جنرل انصاف ویلفیئر ونگ جمشید اقبال چیمہ ،ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ اورسائوتھ ایشیائ پارٹنر شپ پاکستان کے نمائندوں نے حلقہ این اے 127 کی یونین کونسل 120کچی آبادی سنگھ پورہ ریلوے کوارٹرز کے مستحق خاندانوں میں بغیر کسی سیاسی تفریق کے راشن تقسیم کیا ۔

اس موقع پر مہر وسیم، مبین کمبوہ سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جمشید اقبال نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایات کے مطابق مستحق افراد کی بلا تفریق مدد کی جاری ہے اور یہ ان لوگوں پر کوئی احسان نہیں بلکہ ہمارا فرض ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو بھی دعوت دیتے ہیں کہ وہ سیاست سیاست کھیلنے کی بجائے عملی طور پر لوگوں کی مدد کے لئے میدان میں آئیں ۔

انہوں نے کہا کہ وزیرا عظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار کا واضح اعلان ہے کہ ہم اپنے کمزور طبقات کا سہارا بنیں گے ۔ ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ تاریخ میں پہلا موقع ہے کہ کسی حکومت نے کمزور طبقات اور معیشت کو چلانے والے شعبوں کے لئے 1200ارب روپے کا پیکیج دیا ہے ۔ احساس کفالت پروگرام کے تحت ایک ایک پائی شفاف طریقے سے مستحقین تک پہنچائی گئی ہے اور انشا اللہ اسی طرح انصاف امداد پروگرام کے تحت بھی 12ہزار وپے فی کس مستحق خاندان میں تقسیم کئے جائیں گے ۔

مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ شہباز شریف کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے کوئی تجویز دینے یا امدادی کاموں میں تعاون کرنے کی بجائے صرف لیپ ٹاپ کے سامنے بیٹھ کر اپنے رہنمائوں کو حکومت کے خلاف منفی پراپیگنڈا اور مایوسی پھیلانے کا درس دے رہے ہیں جو قابل مذمت ہے ۔ انہوںنے کہا کہ عوام سے اپیل ہے کہ کورونا وائرس کا خطرہ ٹلا نہیں ہے اس لئے سنجیدگی کا مظاہرہ کریں اور غیر ضروری طو رپر گھروں تک باہر نکلنے سے گریز کریں ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات