Live Updates

سینئر صوبائی وزیر عبدالعلیم خان کا جنوبی پنجاب کا دورہ ، گندم خریداری مراکز کی کارکردگی پر اظہار اطمینان

کسانوں کو اُن کا حق ملے گا ، گندم کی خرید میں زیادتی برداشت نہیں ہوگی،سمگلنگ نہیں ہونے دینگے عمران خان کا ویژن کامیاب کرینگے، عبدالعلیم خان سے اراکین اسمبلی و پارٹی رہنماؤں کی ملاقاتیں

ہفتہ 25 اپریل 2020 00:20

لاہور۔24اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2020ء) سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ کاشتکار کے لئے اُس کی فصل ہی سب کچھ ہوتی ہے ،کسانوں کو اُن کا حق ملے گا اور گندم کی جاری خریداری مہم میں کسی قسم کی زیادتی برداشت نہیں ہوگی ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے باردانہ کی کھلے بندوں فراہمی کر کے کسان برادری کی مشکلات ختم کر دی ہیں ،پنجاب کی گندم پرسب سے پہلا حق اس صوبے کے عوام کا ہے ،کسی قیمت پر سمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی کی اجازت نہیں دیں گے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے دورہ جنوبی پنجاب کے موقع پر بہاولپور میں اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت اور بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ وہ وزارت سنبھالنے کے بعد جنوبی پنجاب کے دورے پر آئے ہیں جس کا مقصد دود دراز کے علاقوں کے کسانوں کی مشکلات کا موقع پر جائزہ لینا ہے ۔

(جاری ہے)

سینئر ووزیر خوراک عبدالعلیم خان نے مختلف گندم خریداری مراکز کا دورہ بھی کیا جہاں انہوں نے کاشتکاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہرگز کسی سے بلیک میل نہ ہوں اُن سے محکمہ خوراک کے حکام جتنی گندم ہوگی اتنی ہی ادائیگی کرنے کے پابند ہیں ۔

انہوں نے کاشتکاروں سے اُن کے مسائل بھی معلوم کیے جس پر زیادہ تر لوگوں نے محکمہ خوراک کے انتظامات کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے اطمینان کا اظہار کیا ۔ عبدالعلیم خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ بغیر پرمٹ پنجاب سے گندم باہر نہیں جائے گی ،پنجاب حکومت نے کے پی کے سے بھی تحریری جواب مانگا ہے کہ وہ اپنے صوبے کی گندم کی ڈیمانڈ بتائیں پنجاب اسے پورا کرے گا ۔

سینئر وزیر پنجاب نے ایک سوال کے جواب میں یقین دلایا کہ وہ بارشوں سے گندم کی فصل متاثر ہونے والے کسانوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے اس معاملے کو وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکے نوٹس میں لائیں گے تاکہ ان کی مشکلات کا ازالہ ہو سکے ۔سیکرٹری خوراک پنجاب وقاص علی محمود اور کمشنر بہاولپور آصف اقبال چوہدری نے سینئر وزیر کو گندم خریداری پر بریفنگ دی۔

دریں اثناء سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان سے بہاولپور ڈویژن کے اراکین پنجاب اسمبلی گزین عباسی ، احسان الحق چوہدری ، ڈاکٹر محمد افضل اور افتخار گیلانی نے وفد کی صورت میں ملاقات کی اور انہیں دورہ پنجاب بالخصوص بہاولپور آنے پر خوش آمدید کہا ،اراکین اسمبلی نے عبدالعلیم خان کو سینئر و وزیر خوراک کا قلمدان سنبھالنے پر مبارکباد دی ۔

بہاولپور ڈویژن کے تحریک انصاف کے رہنماؤں فرزند علی گوہیر ، اصغر علی جوئیہ ، سمیرا ملک ، ملک عثمان چنڑ ،عنائیت کریم اور نبیل الرحمان نے بھی سینئر وزیر عبدالعلیم خان سے ملاقات کی اور انہیں مبارکباد دیتے ہوئے پھولوں کے گلدستے پیش کیے ۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عبدالعلیم خان کا کہناتھا کہ ہم سب پارٹی ورکر اور اپنے قائد عمران خان کے مشن کے امین ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی 23سالہ جدوجہد رنگ لائی ہے اور اب اُن کے ویژن کو کامیاب بنانا ہم سب کی اولین ذمہ داری ہے ۔عبدالعلیم خان نے پی ٹی آئی اراکین سے کہا کہ وہ اپنے علاقوں کے مسائل کی نشاندہی کریں انہیں فوری حل کیا جائے گا ۔ سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان بہاولپور کے علاوہ رحیم یار خان بھی گئے جہاں انہوں نے گندم خریداری مہم کا جائزہ لینے کے لئے ضلعی انتظامیہ سے اجلاس منعقد کیا اور محکمہ خوراک کے مقامی افسران سے بریفنگ لی ۔

سینئر وزیر نے ہدایت کی کہ ضلع رحیم یار خان میں گندم کی خریداری کے مراکز پر کسانوں کو ہر ممکن سہولت بہم پہنچائی جائے اور ان سے گندم کا زیادہ وزن نہ لیا جائے ۔رحیم یار خا ن میں بھی سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان سے اراکین اسمبلی اور رانا رحیل احمد خان کی قیادت میں تحریک انصاف کے مقامی رہنماؤں نے ملاقاتیں کیں اور انہیں سینئر وزیر کا قلمدان سنبھالنے پر مبارکباد دی ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات