پی آئی اے نے تاریخ رقم کردی،آسٹریلیا کے لئے پرواز روانہ

ہفتہ 25 اپریل 2020 00:37

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2020ء) آسٹریلیا کے لئے پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائن (پی آئی اے )کی پہلی امدادی پرواز روانہ ہو گئی۔ یہاں جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق پی آئی اے کی تاریخ میں پہلی پرواز پی کے 8962 میلبورن کے لئے 300 سے زائد مسافروں کو لے کر جمعہ کی شام لاہور سے روانہ ہوئی۔ لاہور ائر پورٹ پر پی آئی اے کے اسٹیشن مینیجر علی اصغر زیدی نے اپنی ٹیم کے ہمراہ مسافروں کی معاونت کی ۔

پی آئی اے کارکنان کرونا کی موذی وبا ء کے باوجود پاکستانیوں کو سفر کی سہولت فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ آسٹریلیا روانگی کے وقت ائر پورٹ پر مسافروں نے پی آئی اے کی امدادی پرواز چلانے پرچیف ایگزیکٹو آفیسر ائر مارشل ارشد ملک کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ پی آئی اے آسٹریلیا کے لئے اپنی معمول کی پروازیں بھی شروع کرے گی اور وہ براہ راست سفر کی سہولت سے مستفید ہو سکیں گے۔

(جاری ہے)

یہ بات خاص طور پر قابل ذکر ہے کہ آسٹریلیا کے شہر میلبورن کے لئے پرواز کا دورانیہ 14 گھنٹے کا ہے جو کہ پی آئی اے کے شیدول کی سب سے طویل فاصلے کی پرواز ہے۔ میلبورن سے لاہور واپسی کی پرواز پی کے 8963 اتوار 26 اپریل کو روانہ ہوگی۔دریں اثنا پی آئی اے کی دو پروازیں دبئی سے فیصل آباد پہنچ گئیں۔ پہلی پرواز پی کے 8222 کے ذریعے 142 مسافر دبئی سے فیصل آباد پہنچے۔

دوسری پرواز پی کے 8224 کے ذریعے 140 مسافروں کو دبئی سے فیصل آباد پہنچایا گیا۔ ترجمان پی آئی اے کے مطابق دونوں پروازیں متحدہ عرب امارات میں کرونا وائرس کی وجہ سے پھنس جانے والے پاکستانیوں کو لے کر وطن واپس پہنچی ہیں ۔ فیصل آباد ائر پورٹ پر پی آئی اے کے ڈسٹرکٹ مینیجر شاہد حسین اورا سٹیشن مینیجر سلیم اقبال نے مسافروں کا استقبال کیا۔ اس موقع پر پی آئی اے کی جانب سے موذی وائرس سے بچائو کے لئے مکمل حفاظتی انتظامات کئے گئے تھے۔ مسافروں نے پاکستان واپس پہنچنے پر حکومت پاکستان اور خاص طور پر پی آئی اے کا شکریہ ادا کیا ۔ مسافروں نے فیصل آبادلینڈنگ کے وقت پاکستان زندہ باد اور پی آئی اے زندہ باد کے نعرے بھی لگائے۔