Live Updates

حکومت موجودہ حالات سے نمٹنے کے ساتھ آفٹر شاکس کا مقابلہ کرنے کیلئے بھی تیاری کر رہی ہے، ہمایوں اختر خان

اپوزیشن کچھ وقت ملک اور عوام کے مفاد کو ترجیح دے ،منفی بیانیے کو پس پشت ڈال دے، سینئر مرکزی رہنما

ہفتہ 25 اپریل 2020 15:48

حکومت موجودہ حالات سے نمٹنے کے ساتھ آفٹر شاکس کا مقابلہ کرنے کیلئے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2020ء) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ کورونا وائرس نے دنیا کے ترقی یافتہ اور ترقی پذیر ممالک میں بسنے والوں اور ان کی معیشتوں کو بلا تفریق نقصان پہنچایا ہے ،ہم نے آفٹر شاکس کا مقابلہ کرنے کیلئے بھی تیار رہنا ہے اور حکومت موجودہ حالات سے نمٹنے کے ساتھ ساتھ اس کی بھی بھرپور تیاری کر رہی ہے ،اپوزیشن کچھ وقت کیلئے اپنی سیاست کی بجائے ملک اور عوام کے مفاد کو ترجیح دے اور تنقید برائے تنقید کے بیانیے کو پس پشت ڈال دے۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے وسطی پنجاب سے تعلق رکھنے والے مرکزی رہنمائوں اور حلقہ این اے 131 کے متحرک کارکنوں سے ٹیلیفونک رابطوں میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

ہمایوں اختر خان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے شفاف کردار کی وجہ سے نہ صرف اندرون بلکہ بیرون ممالک سے پاکستانی بھرپور مدد کر رہے ہیں ، عالمی اداروںنے بھی وزیرا عظم کی اپیل پر مثبت رد عمل ظاہر کیا ہے اور نہ صرف قرضوں کو موخر کیا گیا ہے بلکہ کورونا سے نمٹنے کیلئے غیر مشروط طور پر امداد بھی دی جارہی ہے۔

عوام کو یقین ہے کہ حکومت کورونا وائرس کی وباء سے نمٹنے کیلئے جمع ہونے والے فنڈز کو شفافیت سے خرچ کرے گی اور احساس کفالت پروگرام میں اربوں روپے کی تقسیم اس کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ آج وہ وقت ہے کہ جب ہم نے ایک قوم بننا ہے اور اس مشکل وقت کو اپنی طاقت بنانا ہے اور وزیرا عظم عمران خان اس کے لئے قیادت کر رہے ہیں، اپوزیشن اپنی انا اور سیاست کی بجائے ملک او ر قوم کا سوچے کیونکہ سیاست کرنے کے لئے بڑا وقت پڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ عوام کی زندگیاں بچانے کیساتھ ساتھ ہر طرح کے کاروبار کو بچایا جائے اور اس کیلئے حکومت کسی غفلت کا مظاہرہ نہیں کر رہی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات