رواں سال 2020ء کی پہلی سہ ماہی کے دوران پاکستان سوزوکی موٹرز کمپنی کے بعد از ٹیکس خسارہ میں 40 ملین روپے کی کمی

ہفتہ 25 اپریل 2020 22:49

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2020ء) رواں سال 2020ء کی پہلی سہ ماہی کے دوران پاکستان سوزوکی موٹرز کمپنی (پی ایس ایم سی)کے بعد از ٹیکس خسارہ میں 40 ملین روپے کی کمی ہوئی ہے۔ پاکستان اسٹاک ایکسچینج اور آٹو موٹو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (پاما) کے اعدادو شمار کے مطابق 31 مارچ 2020ء کو ختم ہونے والی سہ ماہی کے لئے کمپنی کا خالص خسارہ 941 ملین روپے تک کم ہو گیا جبکہ جنوری تا مارچ 2019ء کے دوران پی ایم ایس سی کو 981 ملین روپے کا بعد از ٹیکس خسارہ برداشت کرنا پڑا تھا۔

(جاری ہے)

کمپنی کے بعد ٹیکس خسارہ میں 40 ملین روپے کی کمی کے باعث پی ایس ایم سی کا فی حصص خسارہ بھی 11.9 روپے کے مقابلہ میں 11.4 روپے فی حصص تک کم ہو گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق سال 2019ء کی پہلی سہ ماہی کے مقابلہ میں رواں سال کے پہلے تین ماہ کے دوران پاکستان سوزوکی موٹرز کمپنی کی تیار کردہ کاروں اور ہلکی کمرشل گاڑیوں وغیرہ کی فروخت میں 63 فیصد کی کمی واقع ہوئی ہے۔ جنوری تا مارچ 2019ء کے دورا گاڑیوں کی فروخت 36 ہزار 412 یونٹس رہی تھی جو جنوری تا مارچ 2020ء کے دوران 13 ہزار 605 یونٹس تک کم ہو گئی ہے۔ اس طرح گاڑیوں کی فروخت میں 22 ہزار 807 یونٹس یعنی 63 فیصد کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔