رواں مال سال کے دوران پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل) کی بعد از ٹیکس آمدن میں 13.3 فیصد کمی

ہفتہ 25 اپریل 2020 22:49

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2020ء) رواں مال سال کے دوران پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل) کی بعد از ٹیکس آمدن میں 13.3 فیصد کمی ہوئی۔ پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو بھیجے گئے کمپنی کے مالیاتی اعداد وشمار کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے نو ماہ میں جولائی تا مارچ 2019-20 ء کے لئے پی پی ایل خالص آمدنی 39 ہزار 229 ملین روپے تک کم ہو گئی جبکہ گزشتہ مالی سال میں جولائی تا مارچ 2018-19ء کے دوران کمپنی کو 45 ہزار 254 ملین روپے بعد ازٹیکس نفع ہو ا تھا۔

اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے پہلے 9 مہینوں می پی پی ایل کی بعد از ٹیکس آمدنی میں 6 ہزار 25 ملین روپے یعنی 13 فیصد سے زیادہ کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے جس کے نتیجہ میں کمپنی کی فی حصص آمدنی بھی 16.63 روپے کے مقابلہ میں 14.42 روپے فی حصص تک کم ہو گئی ہے۔

(جاری ہے)

مالیاتی نتائج کے مطابق جنوری تا مارچ 2020ء کے لئے کمپنی کی خالص آمدن جنوری تا مارچ 2019ء کے مقابلہ میں 3.2 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

جنوری تا مارچ 2019ء کے دوران پی پی ایل کو 14 ہزار 214 ملین روپے کی خالص آمدن ہوئی تھی جبکہ جنوری تا مارچ 2020ء کے دوران پی پی ایل کی بعد از ٹیکس آمدنی 14 ہزار 674 ملین روپے تک بڑھی ہے۔ جاری مالی سال کی تیسری سہ ماہی کے دوران پی پی ایل کی خالص آمدنی میں 3 فیصد سے زیادہ کے اضافہ سے کمپنی کی فی حصص آمدنی بھی 5.22 روپے کے مقابلہ میں 5.40 روپے فی حصص تک بڑھ گئی ہے۔