جعلی اکائونٹس کیس ، کرونا کے باعث سماعت آگے نہ بڑھ سکی اور آصف زرداری پر فرد جرم بھی عائد نہ ہوسکی

آصف علی زر داری کے وکیل کی اپیل پر جج احتساب عدالت نے کیسز کی کارروائی 10جون تک ملتوی کر دی

پیر 27 اپریل 2020 13:08

جعلی اکائونٹس کیس ، کرونا کے باعث سماعت آگے نہ بڑھ سکی اور آصف زرداری ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اپریل2020ء) احتساب عدالت میں جعلی اکائونٹس اور میگا منی لانڈرنگ کیس کی سماعت کورونا وائرس کے باعث آگے نہ بڑھ سکی اور نہ ہی آصف علی زر داری پر فرد جرم عائد کی جاسکی ۔ پیر کو احتساب عدالت میں جعلی اکائونٹس اور میگا منی لانڈرنگ کیس کی سماعت احتساب عدالت کے جج محمد اعظم خان نے کی ۔

(جاری ہے)

نیب پراسیکیوٹر وسیم جاوید اور تفتیشی افسر قاسم خان پیش ہوئے ،کورونا وائرس کے باعث کیسز کی سماعت آگے نہ بڑھ سکی ،سابق صدر آصف زرداری پر پارک لین کیس میں فرد جرم نہ لگ سکی ،سابق صدر آصف زرداری اور فریال تالپور احتساب عدالت پیش نہ ہوئے ،آصف زرداری اور فریال تالپور کی عدالتی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پیش کی گئی ۔

وکیل آصف علی زر داری نے کہاکہ کورونا کی باعث کوئی کارووائی آگے نہیں بڑھ رہی،احتساب عدالت عید کے بعد کیس کی تاریخ دے۔جج احتساب عدالت نے کیسز کی کارروائی 10جون تک ملتوی کر دی ،پنک ریذیڈنسی، نہر خیام غیرقانونی الاٹمنٹ کے ریفرنسز پر بھی سماعت 10جون تک ملتوی کر دی گئی ۔