ملک میں فٹ بال کی ترقی کے لئے مثبت اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے، چوہدری منیر احمد

فیفا کی جانب سے کرونا وائرس کے باعث پاکستان سمیت پوری دنیا کے کھلاڑیوں کے لئے فنڈز کا قیام خوش آئند ہے، بیان

پیر 27 اپریل 2020 17:53

ملک میں فٹ بال کی ترقی کے لئے مثبت اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے، چوہدری ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اپریل2020ء) پنجاب فٹ بال ایسوسی ایشن کے سابق رکن چوہدری منیر احمد نے کہا ہے کہ ملک میں فٹ بال کی ترقی کے لئے مثبت اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے ، فیفا کی جانب سے کرونا وائرس کے باعث پاکستان سمیت پوری دنیا کے کھلاڑیوں کے لئے فنڈز قائم کرنا خوش آئند بات ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت پوری دنیا کرونا وائرس کی وباء کے باعث دوچار ہے اور ہمیں اس موذی امراض سے بچنے کے خود اقدامات اٹھانے ہونگے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے کرونا وائرس کے باعث ملک میں لاک ڈائون کا فیصلہ درست تھا تاہم عوام کو اس عمل کرنا چاہئے لیکن اس میں حکومت کا کیا وہ عوام کی حفاظت کرنا چاہتی ہے لیکن انسانی زندگی بھی ایک نعمت ہے، گجرات سے تعلق رکھنے والے فٹ بال کے آرگنائزر چوہدری منیر احمد نے کہا کہ کرونا وائرس نے تو ترقی یافتہ ممالک کو نہیں چھوڑا اور کرونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد لاکھوں تک پہنچ چکی ہے امریکہ جیسا ملک وہاں پر ہر سہولیات کے ہونے باوجود ابھی تک اس وائرس پر قابو نہیں پا سکتا وہاں پر پچاس ہزار سے زائد اموات ہوچکی ہیں، اور پاکستان میں بھی اس کی تعداد میں دن بدن اضافہ ہو رہا، ہمارے تین قومی ہیروز ڈاکٹرز بھی جان کی بازی ہار گئے اور ان ڈاکٹروں کی خدمات پر پوری عوام سلام پیش کرتی ہے۔

(جاری ہے)

فٹ بال کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہمیں پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے قوانین کا احترام اور پاسداری کرنی چاہئے کیونکہ کوئی قوم اس وقت ترقی نہیں کر سکتی جب تک وہ ڈسپلن کی پابندی نہیں کریگی۔ کھیلوں میں ترقی کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کھیلوں میں سیاست نہیں ہونی چاہئے بلکہ ایک کھلاڑی سے لے کر عہدیدار تک کو کھیل کی ترقی کیلئے اپنا اپنا بھرپور مثبت کردار ادا کرنا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے سمجھ نہیں آتی کہ سب آرگنائزر کہتے ہیں کہ ہمیں مفاد، عہدوں اور کرسیوں کا کوئی لالچ نہیں بلکہ ہم ملک میں کھیلوں کی ترقی اور بہتری کے کام کرنا چاہتے ہیں پھر لڑائی کس بات کی ہے جب کسی کو کوئی لالچ ہی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں گراس روٹ سطح پر کھیلوں کے مقابلوں پر توجہ دینی چاہئے اس کے ذریعے ہی کھیلوں میں بہتری آسکتی ہے۔