چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا کا نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا دورہ ، کورونا وائرس کی تازہ ترین

صورتحال، وفاق اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات، پالیسیوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی

پیر 27 اپریل 2020 21:26

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا کا نیشنل کمانڈ اینڈ ..
راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اپریل2020ء) چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے پیر کو کوویڈ۔19 کی روک تھام کیلئے قومی کاوششوں کو مربوط کرنے کیلئے قائم نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کا دورہ کیا جہاں پر انہیں کورونا وائرس کی تازہ ترین صورتحال، وفاق اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات، پالیسیوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

(جاری ہے)

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا این سی او سی پہنچے تو این سی او سی کے قومی کوآرڈنیٹر لیفٹیننٹ جنرل حمود الزمان نے ان کا استقبال کیا۔ پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی، پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان بھی ان کے ہمراہ تھے۔ چیئرمین جوائنٹ چیف آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا کو کورونا وائرس کے ممکنہ پھیلائو سے متعلق تخمینے سے بھی آگاہ کیا گیا۔ چیف جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے کوویڈ۔19 کی روک تھام کیلئے قومی کاوششوں کو مربوط کرنے اور کم وقت میں اس وباء کی روک تھام کیلئے عملی اقدامات پر نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی کارکردگی کو سراہا۔