سید خورشید احمد شاہ کا اپنی تنخواہ کورونا ریلیف فنڈ میں دینے کا اعلان

پیر 27 اپریل 2020 22:00

سید خورشید احمد شاہ کا اپنی تنخواہ کورونا ریلیف فنڈ میں دینے کا اعلان
سکھر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اپریل2020ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سید خورشید احمد شاہ نے اپنی تنخواہ کورونا ریلیف فنڈ میں دینے کا اعلان کیا ہے اور سیاستدانوں سے اپیل کی ہے کہ یہ وقت ایک دوسرے پر تنقید کرنے یا الزامات لگانے کا نہیں بلکہ کورونا کے خلاف متحد ہوکر جنگ لڑنے اور اپنے لوگوں کو بچانے کا ہے،سکھر کی احتساب عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ ہم کسی کی مدد کرتے ہیں تو کسی کو بتاتے نہیں ہیں، کورونا کیخلاف جنگ میں سب کو حصہ ڈالنا ہوگا ان کا کہنا تھا کہ یہ وقت اٹھارہویں ترمیم یا کسی ایسے متنازعہ مسئلے پر بات کرنے کا نہیں ہے بلکہ یہ وقت ہے کہ ہم مل بیٹھیں اور متحد ہوکر کرونا سے لڑیں اور لوگوں کو بچائیں۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں ہم پر یہ بھی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ ہم اپنے پڑوسیوں کا بھی خیال کریں۔