سٹیل ملز کی بحالی سے متعلق ممکنہ پارٹنرز سے رابطے جاری ہیں،

گدو پلانٹ کے لئے تین پارٹیوں کو مشاورتی معاونت کے لئے شارٹ لسٹ کیا گیا ہے، وفاقی وزیر نجکاری محمد میاں سومرو

منگل 28 اپریل 2020 14:27

سٹیل ملز کی بحالی سے متعلق ممکنہ پارٹنرز سے رابطے جاری ہیں،
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اپریل2020ء) وفاقی وزیر نجکاری محمد میاں سومرو نے کہا ہے کہ وزارت نجکاری اور پرائیویٹائیزیشن ٹیم کی مشترکہ کوششوں سے نجکاری کا عمل جاری ہے۔ منگل کو وفاقی وزیر نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان سٹیل ملز کی بحالی سے متعلق ممکنہ پارٹنرز سے رابطے جاری ہیں اور ہیوی الیکٹریکل کمپلیکس کی نجکاری سے متعلق ڈیو ڈیلیجینس کا پہلا مسودہ 22 اپریل کو وزارت میں پیش کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گدو پاور پلانٹ اور نندی پور کی نجکاری کے حوالے سے مالیاتی مشیروں سے اہم میٹنگز ہو چکی ہیں۔ نجکاری کمیشن کے حکام نے نندی پور پاور پلانٹ کی انتظامیہ سے پلانٹ سے متعلق تمام اہم تکنیکی اور قانونی معلومات کی فراہمی کے لئے رابطہ میں ہیں۔

(جاری ہے)

محمد میاں سومرو نے مزید کہا کہ گدو پلانٹ کے لئے تین پارٹیوں کو مشاورتی معاونت کے لئے شارٹ لسٹ کیا گیا ہے۔

مزید یہ کہ پلانٹ کے دیگر معاملات جن میں گیس کی فراہمی، لائسنس موڈیفیکیشن اور ریلیز آف چارجز کو پاور ڈویژن کو سونپ دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کی وباء کے پیش نظر سرمایہ کاروں سے روابط اور دیگر معاملات کچھ حد تک متاثر ہوئے ہیں تاہم یہ کام مستعدی سے جاری ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ کورونا کے خاتمہ کے بعد نجکاری کے کام کو تیزی سے پایہ تکمیل کو پہنچایا جائے۔