ملک میں فٹ بالروں کے کورونا وائرس کے باعث معاشی مسائل کو بہتر بنانے کے لئے فیفا کا کردار قابل تعریف ہے، چوہدری نذیر احمد

جمعرات 30 اپریل 2020 13:24

ملک میں فٹ بالروں کے کورونا وائرس کے باعث معاشی مسائل کو بہتر بنانے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2020ء) ضلعی فٹ بال ایسوسی ایشن گجرات کے صدر چوہدری نذیر احمد نے کہا ہے کہ ملک میں فٹ بالروں کے لئے کورونا وائرس کے باعث معاشی مسائل کو بہتر بنانے لئے فیفا کا کردار قابل تعریف ہے۔ گذشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس وقت پوری دنیا میں کورونا وائرس کی وباء پھیلی ہوئی ہے اور کھیلوں کے میدان غیر آباد ہو گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کھلاڑی معاشی مسائل سے بھی دوچار ہیں، جس کو مدنظر رکھتے ہوئے فیفا کا اعلان خوش آئند ہے اور اس سے کھلاڑیوں کی کچھ نہ کچھ حوصلہ افزائی تو ہوسکے گی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ملک میں فٹ بال تنظیموں کے انتخابات ہونے جارہے اور پنجاب فٹ بال ایسوسی ایشن کی بھی نارملائزیشن کمیٹی وجود میں آ چکی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ انتخابات میرٹ پر ہونے کے بعد ملک میں فٹ بال کھیل میں بہتری آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ گراس روٹ سطح پر کھیلوں کے فروغ کے لئے تعلیمی ادارے اہم کردار ادا کر سکتے ہیں جو کہ آج کل نہ ہونے کے برابر ہے۔ چوہدری نذیر احمد نے کہا کہ حکومت کی طرف سے تعلیمی اداروں میں کھیلوں کے انعقاد کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ضلعی فٹ بال ایسوسی ایشن نے اپنے وسائل میں رہتے ہوئے بھرپور طریقے سے فٹ بال کے فروغ کے لئے اقدامات اٹھائے ہیں اور اگر آئندہ بھی موقع ملا تو اسی طرح فٹ بالروں کا خادم بن کر خدمت کرتا رہوں گا۔