چینی اور امریکی سائنسدانوں کی کورونا وائرس کا ماخذ تلاش کرنے کیلئے مشترکہ کوششیں

جمعہ 1 مئی 2020 13:15

بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مئی2020ء) امریکی سائنسدانوں نے اپنے چینی سائنسدانوں کے ساتھ مل کر کورونا وائرس کے ماخذ کی تلاش کا آغاز کردیا ہے۔چینی ریڈیو کے مطابق کچھ امریکی سیاستدان مسلسل یہ نظریہ پھیلا رہے ہیں کہ کووڈ 19 کی ابتداء ووہان کی ایک لیب سے ہوئی تھی۔فنانشل ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق چین اور امریکہ کے محققین مختلف پہلوئوں کے ساتھ ساتھ اس بات کا جائزہ بھی لیں گے کہ ووہان میں شناخت سے پہلے کیا اس وائرس سے متاثرہ افراد چین کے کسی اور علاقے میں بھی موجود تھے یا نہیں۔

یہ تحقیق کولمبیا یونیورسٹی کے میل مین سکول آف پبلک ہیلتھ کے سینٹر برائے انفیکشن اینڈ ایمیونٹی کے ڈائریکٹر ایان لیپکن اور گوانگژو کی یونیورسٹی کے پبلک ہیلتھ سکول کے پروفیسر لو جیاحی کی سربراہی میں محققین کی ایک ٹیم کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

پروفیسر ایان لیپکن جو دنیا میں ایک اہم وائرس شناس کے طور پر جانے جاتے ہیں ، نے کہا کہ اس تحقیق میں مرض پر قابو پانے اور روک تھام کے لئے چینی سی ڈی سی کی مدد پر انحصار کیا گیا ہے۔

پروفیسر لو نے کہا کہ ہم وائرس کی حقیقت کو جاننے کے لئے علاقوں اور محکموں میں کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ تحقیق فروری میں شروع ہوئی تھی اور اس سال کے آخر تک اس کے نتائج سامنے آئیں گے۔بین الاقوامی سائنسدانوں کا ایک اور گروپ جس میں امریکہ اور چین کے سائنسدان بھی شامل ہیں ، عالمی ادارہ صحت کے ساتھ مل کر کووڈ-19 کی ویکسین کی تیاری پر تحقیق میں مصروف ہے۔