لاک ڈائون سے مزدور طبقہ سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے، ایسا بندوبست کیا جائے کہ مزدور طبقہ کی مشکلات میں اضافہ نہ ہو، ڈاکٹر طاہر القادری

ہفتہ 2 مئی 2020 00:01

لاہور۔یکم مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مئی2020ء) تحریک منہاج القرآن کے قائد ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ محنت کش کو اللہ تعالیٰ نے اپنا دوست قرار دیا ہے، مزدور اللہ کا دوست ہے اور مزدور کی خوشحالی ہی میں معیشت کی خوشحالی ہے۔ خون پسینہ ایک کر کے حلال روزی کمانا عبادت اور رضائے خداوندی کے حصول کا بہترین ذریعہ ہے۔ کورونا وائرس کے باعث پاکستان سمیت دنیا بھر میں لاک ڈائون کی صورتحال ہے ،معیشت کا پہیہ رکا ہوا ہے، لاک ڈائون کی وجہ سے سب سے زیادہ متاثر مزدور طبقہ ہوا ہے۔

(جاری ہے)

لاک ڈائون جب تک برقرار ہے ایسا بندوبست کیا جائے کہ مزدور طبقہ کی مشکلات میں اضافہ نہ ہو،ان کے گھروں کے چولہے جلتے رہیں۔ مہنگائی اور سماجی مسائل میں اضافے کے باعث مزدور اور غیر مزدور کی تفریق ختم ہوگئی ہے۔ یوم مئی پر اپنے پیغام میں ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ ریاست مزدوروں کو صحت تعلیم کی مفت سہولیات فراہم کرے۔ مزدوروں کو روزگار بھی ملنا چاہیے اور روزگار کا تحفظ بھی۔ زرعی شعبے سے وابستہ مزدوروں کو بھی ان کی محنت کا پورا معاوضہ اور حقوق ملنے چاہیے۔ انھوں نے کہا کہ ریاست مزدوروں کے بچوں کو مفت تعلیم اور صحت کی سہولیات فراہم کرے۔ ڈیلی ویجزمزدوروں کی یومیہ اجرت میں اضافہ کیا جائے۔