اٹلی کی مناسب امداد نہ کرنے پر روس کی نیٹو اور یورپی یونین پر کڑی نکتہ چینی

پیر 4 مئی 2020 12:03

ماسکو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 مئی2020ء) روس نے کورونا وائرس کے مقابلے میں اٹلی کی مدد نہ کرنے پر نیٹو اور یورپی یونین کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ روس کے نائب وزیر دفاع الیگزینڈر فومن نے کہا ہے کہ نیٹو اور یورپی یونین دونوں کورونا وائرس سے دوچار اٹلی کی مدد میں ناکام رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ افسوس کی بات یہ ہے کہ اٹلی کی مدد میں ناکامی کے باوجود نیٹو اور یورپی یونین دونوں، روس پر الزام تراشی میں مصروف ہیں۔

روس کے نائب وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ جب سے روس نے اٹلی کی مدد کے لیے اپنے فوجی ماہرین بھیجے ہیں، بعض یورپی ممالک نے ماسکو پر جاسوسی کا الزام لگانا شروع کر دیا ہے جو انتہائی غیر منصفانہ ہے۔بعد ازاں روس نے میڈیکل آلات اور دواؤں کے حامل پندرہ کارگو جہاز اور وزارت دفاع کے سو جراثیمی ماہرین اٹلی روانہ کیے تھے۔