بھارت میں لاک ڈاون کا تیسرا مرحلہ شروع،عبادت گاہیں بند اور شراب خانے کھلے

پیر 4 مئی 2020 21:10

بھارت میں لاک ڈاون کا تیسرا مرحلہ شروع،عبادت گاہیں بند اور شراب خانے ..
دہلی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 مئی2020ء) بھارت میں 4 مئی سے لاک ڈاون کا 14 روزہ تیسرا مرحلہ شروع ہو گیا جہاں کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد 42 ہزار سے زائد اور مہلک وائرس سے 1400افراد ہلاک ہوئے ہیں ۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق لاک ڈاون کا تیسرا مرحلہ 17مئی تک جاری رہے گا، بھارتی حکومت نے کورونا وائرس سے متاثرہ علاقوں کو وباء کی شدت کے لحاظ سے تقسیم کرکے بعض خدمات اور کاروبار میں مشروط رعایت دی ہے جن میں شراب خانے اور دکانیں کھولنا بھی شامل ہے تاہم تمام مذاہب کی عبادت گاہیں بند رہیں گی ۔

کورونا وائرس کی وباء کے پھیلنے کا سلسلہ بھارت میں فی الحال تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ وزارت صحت کے مطابق اتوار کو 2816 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی جس کے ساتھ ہی بھارت میں کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد 42546 ہوگئی ہے جبکہ 1400 افراد موت کا شکار ہوچکے ہیں۔

(جاری ہے)

اس دوران 11775مریض صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔ بھارتی دارالحکومت دہلی میں گزشتہ روز427 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی جو ایک دن میں اب تک کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔

دہلی میں 4549 مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے اور 64 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ مارچ کے بعد سے بھارت میں کورونا وائرس کے پھیلنے کی رفتار مسلسل تیز رہی ہے۔ صرف پانچ دنوں میں دس ہزار نئے مریضوں کا اضافہ ہوا ہے۔ سب سے زیادہ تعداد ریاستوں میں مہاراشٹر، گجرات اوردہلی شامل ہیں ۔ بھارت میں سب سے زیادہ متاثرہ شہر ملک کا اقتصادی دارالحکومت ممبئی ہے جہاں 8800 مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے، ماہرین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ممبئی میں ایشیا کی سب سے بڑی کچی بستی جو ساڑھے آٹھ لاکھ افراد پر مشتمل ہے، میں اگر وباء نے پاؤں پھیلا دیے تو متاثرین کی تعداد کو روکنا مشکل ہوجائے گا۔

بھارتی وزیر اعظم مودی کی آبائی ریاست گجرات میں متاثرین کی تعداد 5428 سے تجاوز کرچکی ہے۔ اپوزیشن کانگریس پارٹی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ لاک ڈاون ختم کرکے معیشت کی بحالی لائحہ عمل عوام کے سامنے پیش کیا جائے۔