ضلع کرم کے دور افتادہ سرحدی علاقے شورکی میں مسجد و امام بارگاہ میں بم دھماکہ کے نتیجے میں امام شدیدزخمی

دھماکہ منگل کی علی الصبح اس وقت ہوا جب مسجد و امام بارگاہ میں امام صبح کی اذان دے رہا تھا‘امام بارگاہ کو بری طرح نقصان پہنچا

منگل 5 مئی 2020 14:15

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 مئی2020ء) پاک افغان سرحد پر واقع قبائلی ضلع کرم کے دور افتادہ سرحدی علاقے شورکی میں مسجد و امام بارگاہ میں بم دھماکہ کے نتیجے میں امام شدید زخمی جبکہ امام بار گاہ کی عمارت کو بری طرح نقصان پہنچا۔ یہاں موصولہ اطلاعات کے مطابق لوئر کرم کی تحصیل علی زئی کی حدود میں پاک افغان سرحد پر واقع چند گھروں پر مشتمل گاوں شورکی میں دھماکہ منگل کی علی الصبح اس وقت ہوا جب مسجد و امام بارگاہ میں امام صبح کی اذان دے رہا تھا۔

ذرائع کے مطابق زخمی امام کو فوری طور پر طبی امداد کیلئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال پاراچنار منتقل کر دیا گیا جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ دھماکے سے مسجد و امام بارگاہ کی عمارت کو شدید نقصان پہنچا اور عمارت کا زیادہ تر حصہ منہدم ہوگیا۔

(جاری ہے)

مقامی رہنماوں نے واقعہ پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے واقعہ میں ملوث شرپسندوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق یہ عمارت مسجد، امام بارگاہ اور سکول کے لئے مقامی افراد کے زیراستعمال تھی جس کے اندر نامعلوم شرپسندوں نے بم دھماکہ کرایا۔ فوری طور پر دھماکہ کی نوعیت معلوم نہ ہوسکی کہ آیا نصب کئے گئے بم یا بارودی مواد کا دھماکہ تھا۔ ادھر سیکیورٹی اداروں اور مقامی انتظامیہ نے واقعہ کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔