کورونا وائرس سے اب تک مزید 28 افراد جاں بحق ، تعداد 514ہوگئی

نئے کیسز سامنے آنے سے مصدقہ مریضوں کی تعداد 22063 تک جاپہنچی،5782 صحت یاب ہوگئے

منگل 5 مئی 2020 21:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 مئی2020ء) ملک میں کورونا وائرس سے اب تک مزید 28 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 514 ہوگئی ، نئے کیسز سامنے آنے سے مصدقہ مریضوں کی تعداد 22063 تک جاپہنچی ہے،5782 صحت یاب ہوگئے ۔نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق منگل کوملک بھر سے کورونا کے مزید 611 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور 28 ہلاکتیں سامنے آئی ہیں جن میں سندھ سے 307 کیسز 11 ہلاکتیں، پنجاب 30 کیسز 8 ہلاکتیں، خیبر پختونخوا میں 211 کیسز اور 9 ہلاکتیں، اسلام آباد سے 49 کیسز اور گلگت بلتستان سے 14 کیسز سامنے آئے ہیں۔

سندھ سے کورونا وائرس کے مزید 307 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور 11 ہلاکتیں بھی سامنے آئی ہیں جس کی تصدیق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کی۔

(جاری ہے)

مراد علی شاہ نے بتایا کہ ہم نے 24 گھنٹوں میں 2250 ٹیسٹ کیے جس میں 307 نئے کیسز سامنے آئے اور 11 ہلاکتیں بھی ہوئیں جس کے بعد صوبے میں کورونا کے مجموعی کیسز کی تعداد 8189 اور ہلاکتیں 148 ہوگئی ہیں۔وزیراعلیٰ کے مطابق مزید 42 افراد صحتیاب ہوکر گھروں کو چلے گئے جس کے بعد صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 1674 ہوگئی ہے۔

پنجاب میں اب تک کورونا کے مزید 30 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور 8 ہلاکتیں بھی سامنے آئی ہیں جس کی تصدیق ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر نیکی۔ترجمان کے مطابق صوبے میں کورونا کیکیسز کی مجموعی تعداد 8133 اور ہلاکتیں 144 تک جا پہنچی ہیں۔ترجمان نے بتایا کہ 768 زائرین، 1926 رائے ونڈ سے منسلک افراد، 86 قیدی اور 5357 عام شہری کورونا وائرس میں مبتلا ہیں۔

پنجاب میں کورونا سے اب تک 2716 افراد صحت یاب بھی ہوچکے ہیں۔وفاقی دارالحکومت میں کورونا وائرس کے مزید 49 کیسز سامنے آئے ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیے گئے ہیں۔سرکاری پورٹل کے مطابق نئے کیسز سامنے آنے کے بعد اسلام آباد میں کیسز کی مجموعی تعداد 464 ہوگئی ہے جب کہ شہر میں وائرس سے اب تک 4 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔خیبر پختونخوا میں منگل کو کورونا سے مزید 9 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد صوبے میں ہلاکتوں کی تعداد 194 تک جاپہنچی ہے۔

محکمہ صحت کے مطابق صوبے میں مزید 211 افراد میں مہلک وائرس کی تشخیص ہوئی جس کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 3499 ہوگئی ہے۔محکمہ صحت نے بتایاکہ صوبے میں اب تک کورونا سے 875 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔گلگت بلتستان میں منگل کو مزید 14 کیسز کی تصدیق ہوئی جس کے بعد متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 386 تک پہنچ گئی۔محکمہ صحت کے مطابق کورونا وائرس سے 3 افراد کا انتقال ہوا ہے جبکہ اب تک 282 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔