Live Updates

کورونا وائرس اور معاشی حالات پر قابو پانے کے لیے وزیر اعظم عمران کی پالیسیوں پر عمل پیرا ہو کر حکومت سرخرو ہو گی ، عوام کا معاشی قتل نہیں ہونے دیں گے ، ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

منگل 5 مئی 2020 21:50

سیالکوٹ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مئی2020ء) سابق معاون خصوصی اطلاعات و نشریات و مرکزی رہنما پاکستان تحریک انصاف ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ کورونا وائرس اور معاشی حالات پر قابو پانے کے لیے وزیر اعظم عمران کی پالیسیوں پر عمل پیرا ہو کر حکومت سرخرو ہو گی، عوام کا معاشی قتل نہیں ہونے دیں گے،معاشی مشکلات کا حکومت کو انداز ہے لیکن مرحلہ وار لاک ڈاؤن کھولنے کی طرف جارہے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز تحصیل صدر تحریک انصاف چودھری منور راں کے ڈیرہ کالا ہراواں میں افطار پارٹی کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر چودھری ثنا ء اللہ چیمہ ، چودھری محمد انور حویلی والے ، ٹکٹ ہولڈر بیرسٹر جمشید غیاث ملک ، محمود آسو ،چودھری وارث یوسف، چودھری محمد فیض ، چودھری عبد الحمید ساہی ، ملک عارف حسین سمیت پارٹی کارکنوں کی کثیر تعداد موجود تھی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کے لئے ہم کھلا میدان نہیں چھوڑیں گے، جو کام وزارت میں رہ کر کرتی رہی ہوں وہ اب بھی کرتی رہوں گی اور اپوزیشن کی کالی کرتوتیں بتاتی رہوں گی ، پارٹی ورکر میرے ماتھے کا جھومر ہیں انہیں کسی صورت تنہا نہیں چھوڑوں گی، پارٹی ورکرز کی قربانیوں کو فراموش نہیں ہونے دیں گے ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات