خواجہ برادران کے خلاف وعدہ معاف گواہ آئندہ سماعت پر طلب

بدھ 6 مئی 2020 14:28

خواجہ برادران کے خلاف وعدہ معاف گواہ آئندہ سماعت پر طلب
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 مئی2020ء) احتساب عدالت نے پیراگون ہائوسنگ سوسائٹی ریفرنس میں خواجہ برادران کے خلاف وعدہ معاف گواہ بننے والے قیصر امین بٹ کو آئندہ سماعت پر طلب کرلیا ۔احتساب عدالت کے ایڈمن جج جواد الحسن نے پیراگون ہائوسنگ سوسائٹی ریفرنس پر سماعت کی،جہاں عدالت میں خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق نے پیش ہوکر اپنی حاضری مکمل کروائی۔

(جاری ہے)

عدالت کے روبرو سب رجسٹرار عزیز بھٹی ٹائون عمران صفدر نے پیراگون ہائوسنگ سوسائٹی کی رجسٹریوں کا تمام ریکارڈ پیش کیا،اس موقع پر عدالت نے استفسار کیا کہ جو ریکارڈ عزیز بھٹی ٹان سے آیا ہے ان میں سے خواجہ برادران کے نام کی رجسٹری موجود ہی جس پر رجسٹرار نے عدالت کو بتایا کہ ریکارڈ میں خواجہ برادران کے نام پر کوئی رجسٹری نہیں ہے۔بعد ازاں عدالت نے تمام رجسٹریوں کا ریکارڈ عدالت کی آڈر شیٹ پر لانے کاحکم دیتے ہوئے آئندہ سماعت پر پیراگون ریفرنس میں وعدہ معاف گواہ بننے والے قیصر امین بٹ کو طلب کرلیا،عدالت نے نیب پراسیکیوٹر کو مخاطب ہوتے کہا کہ اگر آئندہ سماعت پر گواہ پیش نہ ہوئے تو وارنٹ گرفتاری جاری کریں گے، بعد ازاں کیس کی سماعت 2جون تک ملتوی کردی گئی۔