اٹھارویں ترامیم کے معاملے پر حکومت نے تاحال مسلم لیگ (ن) سے کوئی رابطہ نہیں کیا ‘ سعد رفیق

نیب قوانین میں تبدیلی (ن) کا نہیں بلکہ قومی مسئلہ ہے،کالے قانون کے ہوتے ہوئے معیشت اور ریاست کے امور نہیں چل سکتے اٹھارویں ترامیم اور نیب قانون کا آپس میں کوئی تعلق نہیں اس لئے اس معاملے پر کچھ لو اور کچھ دو کا تاثر نہیں ہونا چاہیے ‘ میڈیا سے گفتگو

بدھ 6 مئی 2020 14:30

اٹھارویں ترامیم کے معاملے پر حکومت نے تاحال مسلم لیگ (ن) سے کوئی رابطہ ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 مئی2020ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ میرے علم کے مطابق اٹھارویں ترامیم کے معاملے پر حکومت کی جانب سے تاحال مسلم لیگ (ن) سے کوئی رابطہ نہیں کیا گیا ، نیب قوانین میں تبدیلی مسلم لیگ (ن) کا نہیں بلکہ قومی مسئلہ ہے،نیب کے کالے قانون کے ہوتے ہوئے معیشت اور ریاست امور اکٹھے نہیں چل سکتے ،اٹھارویں ترامیم اور نیب قانون کا آپس میں کوئی تعلق نہیں اس لئے اس معاملے پر کچھ لو اور کچھ دو کا تاثر نہیں ہونا چاہیے ۔

احتساب عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ اگر اٹھارویں ترامیم میں تبدیلی کا معاملہ ہوا تو کوئی سیاسی جماعت یا حکومت اسے یقینی طو رپر پارلیمنٹ لائے گی البتہ نیب قوانین اور اٹھارویں ترامیم کا آپس میں کوئی تعلق نہیں ۔

(جاری ہے)

آئین انسان کا بنایا ہوا قانون ہے اس میں ترمیم کی ضرورت ہو تو بات کی جاسکتی ہے، آئین میں ترمیم ایک دن کا مسئلہ نہیں، اٹھارویں ترمیم بھی ایک دن یا مہینے میں نہیں ہوئی،مسلم لیگ (ن)سے اٹھارویں ترمیم میں تبدیلی کے حوالے سے کوئی رابطہ نہیں کیا گیا، صوبائی خود مختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہونا چاہیے، 18ویں ترمیم کے معاملے پر شور مچایا جارہا ہے، اٹھارویں ترمیم میں پنجاب نے قربانی دی اور اپنا حصہ چھوٹے صوبوں کو دیا۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ نیب قانون کا 18ویں ترمیم سے کوئی تعلق نہیں، نیب کا قانون ،معیشت اورریاستی امور ایک ساتھ نہیں چل سکتے چاہے حکومت جس کی بھی ہو ، نیب قوانین سے سیاسی مخالفین کے ساتھ سرکاری افسران اور کاروباری طبقہ بھی متاثر ہوا ہے، جیلیں غیر سیاسی بے گناہ افراد سے بھری پڑی ہیں ، کاروباری طبقہ نیب قوانین کے تحت جیلوں میں ہے ان کی داد رسی ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ نیب کا قانون مسلم لیگ (ن) کا نہیں بلکہ قومی مسئلہ ہے ، اس لئے اٹھارویں ترامیم اور نیب کے قانون میں ترامیم کے معاملے پر کچھ لو اور کچھ دو کا تاثر نہیں ہونا چاہیے ۔ انہوںنے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ہماری چوہدری پرویز الٰہی سے ہونے والی ملاقات کسی تبدیلی کا اشارہ نہیں۔