فلائی دُبئی اور ایئر عربیہ نے پاکستان کے لیے پروازوں کی بکنگ شروع کر دی

یکم جون سےایئر عربیہ کی پروازیں شروع ہو جائیں گی، شارجہ سے کراچی کے لیے پرواز کی ریٹرن ٹکٹ 1,071 درہم جبکہ پشاور کے لیے ریٹرن ٹکٹ 1,452 درہم مقرر کی گئی ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 6 مئی 2020 15:07

فلائی دُبئی اور ایئر عربیہ نے پاکستان کے لیے پروازوں کی بکنگ شروع کر ..
شارجہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔6مئی2020ء ) ایئر عربیہ کی جانب سے پاکستان، بھارت اور مڈل ایسٹ کے لیے فلائٹس کا سلسلہ عنقریب شروع کیا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں ریٹرن ٹکٹس بکنگ شروع کر دی گئی ہے۔ اماراتی ایئر لائنز کے مطابق کراچی، پشاور، ممبئی، دہلی، ڈھاکہ اور کولمبو سمیت ایشیا، یورپ اور دیگر خلیجی ممالک کے لیے ریگولر فلائٹس کے لیے ٹکٹوں کی بکنگ شروع کر دی گئی ہے۔

امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ مئی اور جون میں ایئر عربیہ کی جانب سے پروازیں شروع ہو جائیں گی۔ ایئر عربیہ کے علاوہ اور کسی اماراتی ایئر لائن نے عام پروازوں کے لیے ٹکٹوں کی بکنگ کا اعلان نہیں کیا۔ ایئر عربیہ کے مطابق یکم جون 2020ء سے کم قیمت ٹکٹس میں کراچی، پشاور، ریاض، جدہ،قاہرہ، بیروت، دہلی، ممبئی، ڈھاکہ، ماسکو اور کولمبو سمیت کئی اہم شہروں کے لیے پروازیں شروع ہو جائیں گی۔

(جاری ہے)

ایئر عربیہ کی جانب سے انہی بین الاقوامی شہروں کے لیے پروازیں روانہ ہوں گی، جن کے لیے اماراتی اور متعلقہ ممالک کی سول ایوی ایشن اتھارٹیز کی جانب سے اجازت مِل جائے گی۔ ایئر عربیہ کی جانب سے شارجہ سے کراچی کے لیے پرواز کی ریٹرن ٹکٹ 1,071 درہم مقرر کی گئی ہے جبکہ پشاور کے لیے ٹکٹ کا ریٹ 1,452 درہم مقرر کی گئی ہے۔ اس سے قبل اماراتی سول ایوی ایشن کی جانب سے پروازوں پر پابندی کے بعد ایئر عربیہ نے اپنی تمام فلائٹس 30 مئی 2020تک منسوخ کر دی تھیں۔

ایئر عربیہ کے ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ ہم صورت حال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں، اگر فلائٹس کے شیڈول میں کوئی تبدیلی کرنا پڑی تو اپنے تمام مسافروں کو اس بارے میں آگاہ کر دیا جائے گا۔ فلائی دُبئی کی جانب سے بھی اعلان کیا گیا ہے کہ 12 جُون کو دُبئی سے کراچی کے لیے پرواز روانہ ہو گی، جس کی ٹکٹ 725 درہم کے عوض دستیاب ہو گی۔ اتحاد ایئر ویز کی جانب سے 16 جُون کو کراچی کے لیے پروازروانہ ہو گی جس کی ٹکٹ کا کرایہ 1,334 درہم ہو گا۔