بھارتی حکومت کا طویل لاک ڈائون کے بعد (آج) سے ٹرین سروس بحال کرنے کا اعلان

پیر 11 مئی 2020 11:05

نئی دہلی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مئی2020ء) بھارتی حکومت نے طویل لاک ڈائون کے بعد (آج) منگل سے ٹرین سروس بحال کرنے کا اعلان کیا ہے، بھارتی وزیر ریلویز نے کہا ہے کہ 12 مئی سے ملک میں مسافر ٹرینیں جزوی طور پر بحال کردی جائیں گی۔ پیر کو بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق اگلے ہفتے سے خصوصی ٹرینیں دارالحکومت نئی دہلی سے متعدد شہروں تک چلائی جائیں گی اور اس کے بعد ان میں بتدریج اضافہ کیا جائے گا۔

بھارتی حکومت نے کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے کے لئے مارچ کے آخر میں چار گھنٹے کے نوٹس پر ہوائی سروس، ٹرین اور بس سروس بند کردی تھی جس سے ملک بھر میں لاکھوں افراد دوسرے شہروں میں پھنس گئے تھے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ٹرین سروس کی بحالی کے بعد مسافروں کے لیے ماسک پہننا اور روانگی کے ٹرمینلز پر سکریننگ لازمی ہوگی۔

(جاری ہے)

حکام کے مطابق بھارت کی مختلف ریاستوں سے مسافر ٹرینوں میں سوار ہوسکیں گے۔

حکومت نے ماہ رواں کے شروع میں کئی ریاستوں میس پھنسے ہوئے مزدوروں کے لیے خصوصی ٹرینوں کا اہتمام کیا تھا لیکن تازہ اعلان ہر شہری پر لاگو ہوگا۔ یہ ٹرینیں دارالحکومت دہلی سے روانہ ہوں گی اور بنگلورو، ممبئی، چنئی اور احمد آباد سمیت 15 شہروں میں جائیں گی، ٹکٹ آن لائن خریدا جاسکتا ہے۔ بھارت میں تیسرے لاک ڈاؤن کا نصف وقت گذر چکا ہے۔ ملک میں اب تک کورونا وائرس کے 63 ہزارکیسوں کی تصدیق کی گئی ہے۔