ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے اپوزیشن کی طرف سے خواجہ آصف کی تقریر پی ٹی وی پر ٹیلی کاسٹ نہ ہونے کے اعتراض کو مسترد کردیا

پیر 11 مئی 2020 19:55

ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے اپوزیشن کی طرف سے خواجہ آصف ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مئی2020ء) ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے اپوزیشن کی طرف سے خواجہ محمد آصف کی تقریر پی ٹی وی پر ٹیلی کاسٹ نہ ہونے کے اعتراض کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اجلاس کی کارروائی پی ٹی وی پارلیمنٹ پر دکھائی جارہی ہے تاہم پی ٹی وی نیوز تقاریر کا کچھ حصہ ہی دکھاتا ہے۔

(جاری ہے)

پیر کو قومی اسمبلی میں مسلم لیگ (ن) کے رکن خواجہ آصف نے ڈپٹی سپیکر کی توجہ اس جانب مبذول کرائی کہ وزیر خارجہ کی تقریر کے بعد ان کی تقریر پی ٹی وی پر نہیں دکھائی جارہی۔

ڈپٹی سپیکر اس حوالے سے رولنگ دیں۔ احسن اقبال نے کہا کہ پی ٹی وی قومی ادارہ ہے‘ اسے حکومت کے ساتھ ساتھ اپوزیشن کی تقاریر بھی دکھانی چاہئیں۔ سپیکر رولنگ دیں۔ ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ ہم اس حوالے سے معلومات حاصل کر رہے ہیں۔ ہم نے ڈی جی میڈیا سے کہا ہے کہ وہ معلومات حاصل کرکے بتائیں تاہم کچھ دیر بعد ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ پی ٹی وی پارلیمنٹ پر تمام کارروائی دکھائی جارہی ہے۔ پی ٹی وی نیوز پر تقریر کا کچھ ہی حصہ دکھایا جاتا ہے، اس لئے اپوزیشن کا اعتراض درست نہیں ہے۔