تھر فاؤنڈیشن نے 2730مستحق گھرانوں میں راشن تقسیم کیا

تھرپارکر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی سہولت کیلئے آئیسولیشن سینٹر کے قیام اور مفت کورونا وائرس ٹیسٹنگ سینٹرکے بعد تھر فاؤنڈیشن نے تعلقہ اسلام کوٹ کے 90دیہاتوں میں 2730مستحق گھرانوں میں راشن پیکجز فراہم کرکے کوویڈ 19کمیونٹی ریلیف پروگرام کا پہلا مرحلہ مکمل کرلیا ہے

منگل 12 مئی 2020 12:45

تھر فاؤنڈیشن نے 2730مستحق گھرانوں میں راشن تقسیم کیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 مئی2020ء) تھرپارکر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی سہولت کیلئے آئیسولیشن سینٹر کے قیام اور مفت کورونا وائرس ٹیسٹنگ سینٹرکے بعد تھر فاؤنڈیشن نے تعلقہ اسلام کوٹ کے 90دیہاتوں میں 2730مستحق گھرانوں میں راشن پیکجز فراہم کرکے کوویڈ 19کمیونٹی ریلیف پروگرام کا پہلا مرحلہ مکمل کرلیا ہے۔
ہر راشن پیکج میں ایک خاندان کی 4سے 6ہفتوں کیلئے غذائی ضروریات پورا کرنے کیلئے سامان تھا۔

یہ پیکجز حکومتِ سندھ کی جانب سے طے شدہ معیاری آپریٹنگ طریقہ کار (SOPs)کے مطابق 2730مستحق افراد کی گھروں کو فراہم کیے گئے۔
لاک ڈاؤن کی وجہ سے تعلقہ اسلام کوٹ کی 7یونین کونسلیں سب سے زیادہ متاثر ہوئیں ہیں جن میں سینگھارو، سونل بھا،اسلام کوٹ رورل، بپوہار،گریانچھو،کھاریو غلام شاہ اورجیندودرس شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ان علاقوں میں اس وبائی مرض میں دیہاڑی دار طبقہ کو اس طرح کے پیکج کی اشد ضرورت تھی۔


تھر فاؤنڈیشن نے تعلقہ اسلام کوٹ کی ان 7یونین کونسلوں کا انتخاب کیا اور ایک جامع فیلڈ سروے کے بعد 2730مستحق گھرانوں کی نشاندہی کی، جس کے بعدگاؤں کے عمائدین، مقامی انتظامیہ اور بلدیاتی نمائندوں کی مشاورت کے ساتھ لسٹیں مرتب اوران کی تصدیق کی گئی۔
راشن کی تقسیم کا کامیابی کے ساتھ پہلا مرحلہ مکمل ہونے پر تھر فاؤنڈیشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسرسیّد ابوالفضل رضوی نے کہاکہ کورونا وائرس نے تمام ممالک کو متاثر کیا ہے اور پاکستان میں کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں مختلف محاذوں پر امدادی کاموں کو سپورٹ فراہم کرنے کیلئے اینگرو کارپوریشن کی چیئرمین حسین داؤد نے ایک ارب روپے کی امداد کا اعلان کیا تھا۔


ابوالفضل رضوی نے بتایاکہ ہم وفاقی اور سندھ کی حکومتوں کو سندھ کے دیہی علاقوں میں آئیسولیشن سینٹرزکے قیام، 6کورونا ٹیسٹنگ سینٹرز اور کیش گرانٹس کی مد میں مدد فراہم کررہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہاکہ اینگروکی جانب سے اعلان کردہ وعدے کے مطابق ہم تھر فاؤنڈیشن کے ذریعے تعلقہ اسلام کوٹ کے 2730گھرانوں کو ماہانہ راشن پیکجز فراہم کرچکے ہیں۔


انہوں نے مزید کہاکہ اس مشکل وقت میں تھر فاؤنڈیشن اپنی کمیونیٹیز کے ساتھ کھڑی ہے اور راشن کی تقسیم کے پیچیدہ نظام کو اعلیٰ سطح کی شفافیت اور استعداد کے ساتھ انجام دیا ہے۔
انہوں نے اس آپریشنز کوکامیاب بنانے کیلئے حکومتِ سندھ، تھرپارکر کی ضلعی انتظامیہ اور پاکستان رینجرز سندھ کے قیمتی تعاون پر شکریہ ادا کیا۔
تھر فاؤنڈیشن کے جنرل منیجر نصیر میمن نے کہاکہ کورونا وبائی مرض کے دوران انسانی ردِّ عمل ایک پیچیدہ اور پر خطر کام ہے۔اس مشکل وقت میں ہماری ڈیڈیکیٹڈ ٹیموں نے غریب لوگوں کی پریشانیوں کو دور کرنے کیلئے 90مشکل ترین دیہاتوں میں پھیلے ہوئے 2730سے زائد خاندانوں تک رسائی حاصل کی۔