پشتونخواملی عوامی پارٹی کا سانحہ 12مئی 2007کراچی کے شہدا کی 13ویں برسی کے موقع پر شہدا کو ان کی جدوجہد وقربانیوں پر زبردست عقیدت پیش کیا گیا

منگل 12 مئی 2020 23:10

eکوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 مئی2020ء) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی پریس ریلیز میں سانحہ 12مئی 2007کراچی کے شہدا کی 13ویں برسی کے موقع پر شہدا کو ان کی جدوجہد وقربانیوں پر زبردست عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ سابق جنرل (ر) پرویز مشرف کے آمرانہ دور حکومت میں تحریک بحالی عدلیہ کے سلسلے میں کراچی میں اس وقت کے معذول چیف جسٹس چوہدری محمد افتخار کے استقبال کیلئے ایک عظیم الشان ریلی کا انعقادکیا گیا جس میںوکلاء اور پشتونخواملی عوامی پارٹی سمیت مختلف سیاسی جمہوری جماعتوں کے رہنمائوں وکارکنوں اور عوام نے شرکت کی۔

اس جلوس پر فاشسٹ تنظیم ایم کیو ایم کے مسلح عناصر کی جماعت سے سرعام فائرنگ کی گئی جس میں پارٹی کارکن مہتاب خان آفریدی سمیت 50سے زائد وکلاء ودیگر جماعتوں کے کارکنوں کو بے گناہ شہید کرکے ان کا خون ناحق بہایا گیا جبکہ سینکٹروں کارکنوں کو زخمی کیا گیا ۔

(جاری ہے)

بیان میں کہا گیا ہے کہ 12مئی کے شہدا کی قربانیوں اور سیاسی جمہور ی جماعتوں کی جمہوری جدوجہد کے بدولت عدلیہ کی بحالی ممکن ہوئی اور معذول چیف جسٹس محمد افتخار چوہدری دوبارہ اپنے منصب پر براجمان ہوئے لیکن یہ امر انتہائی افسوسناک ہے کہ گزشتہ 13برس گزرنے کے باوجود ان شہدا کے خاندانوں کو نہ ہی انصاف فراہم کیا گیا اور نہ ہی قاتلوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا گیا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ 12مئی کے شہدا کے خاندان آج بھی اپنے پیاروں کے خون ناحق بہانے والے قاتلوں کو قانون کے کٹہرے اور عدالت کی جانب سے سخت سے سخت سزا دینے کی امیدیں لگائیں بیٹھے ہیں کہ شاید کہیں انصاف کا تقاضا پورا ہوجائے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ پشتونخواملی عوامی پارٹی نے ہر آمر ضیاء الحق ، ایوب خان ، یحییٰ خان اورجنرل پرویز مشرف کی آمرانہ حکمرانی ، جمہوریت کو پائمال کرنے ، آئین کو پائو ں تلے روندھنے جیسے اقدامات کی سب سے پہلے نہ صرف مذمت کی بلکہ عملی طورپر جمہوری جدوجہد کے ذریعے ان آمرانہ قوتوں کیخلاف اور بحالی جمہوریت کیلئے تاریخی قربانیاں دیں ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ پشتونخوامیپ ملک میں جمہور کی حکمرانی ، آئین وقانون کی حکمرانی ، پارلیمنٹ کی بالادستی ، تمام ملکی اداروں کو پارلیمنٹ کے تابع ہونے ، سینٹ کے اختیارات قومی اسمبلی کے برابر ہونے ، جمہوریت کے قیام ،ملک بھر بالخصوص پشتونخوا وطن میں قیام امن ، قوموں کی برابری ، قوموں کے رضاکارانہ حقیقی پارلیمانی فیڈریشن کے قیام، عدلیہ ومیڈیا کی آزادی ، سماجی عدل وانصاف ، پشتونوں کی قومی وحدت ، ملی تشخص ، قومی وسائل پر ان کے واک واختیار کو تسلیم کرانے اورپشتونوں کی نسل کشی کیخلاف کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں اور یہ جدوجہد سالار شہدا خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی کی شروع کردہ ہے اور آج پارٹی اپنے محبوب چیئرمین محمود خان اچکزئی کی قیادت میں خان شہید اور پشتون قومی تحریک کے تمام شہدا کے ملی ارمانوں کی تکمیل کیلئے اس تحریک کو مزید فعال بناتے ہوئے اپنے قومی اہداف کے حصول کیلئے جدوجہد کررہی ہیں۔

بیان میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ 12مئی 2007سانحہ کراچی کے قاتلوں کی گرفتارکرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور تمام شہدا کے خاندانوں کو انصاف فراہم کی جائے ۔