بوسہ نہ دینے کی شرائط پر ڈرامے کی شوٹنگ کی اجازت

بدھ 13 مئی 2020 11:57

بوسہ نہ دینے کی شرائط پر ڈرامے کی شوٹنگ کی اجازت
سڈنی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مئی2020ء) کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے باعث دنیا کے درجنوں ممالک میں لاک ڈاؤن نافذ کیے جانے کی وجہ سے جہاں کاروبار زندگی مفلوج ہوگیا تھا، وہیں ڈراموں اور فلموں کی شوٹنگ بھی روک دی گئی تھی۔لیکن گزشتہ 2 ہفتوں سے دنیا کے متعدد ممالک کی جانب سے لاک ڈاؤن میں نرمی کرنے کا سلسلہ جاری ہے اور اب دنیا بھر میں جزوی طور پر معمولات زندگی بحال ہو رہے ہیں۔

لاک ڈاؤن کو نرم کرنے والے ممالک میں آسٹریلیا بھی شامل ہے، جہاں کم از کم 2 ماہ تک جزوی لاک ڈاؤن رہا تھا، جس کی وجہ سے وہاں فلموں اور ڈراموں کی شوٹنگ بھی منسوخ کردی گئی تھی۔تاہم اب آسٹریلیا میں بھی لاک ڈاؤن کو نرم کرنا شروع کردیا گیا ہے اور نرمی کے بعد وہاں ڈراموں اور اوپرا تھیٹرز کی شوٹنگ بھی شروع کردی گئی تاہم ایسی شوٹنگز کے دوران سخت احتیاطی تدابیر اختیار کی جا رہی ہیں۔

(جاری ہے)

شوٹنگ کے دوران احتیاطی تدابیر کے تحت ہی آسٹریلیا کے تاریخی ریئلٹی اوپرا تھیٹر ڈرامے کی شوٹنگ کے دوران اس بات کو یقینی بنایا جا رہا ہے کہ اداکار ایک دوسرے کے قریب نہ آئیں اور وہ زیادہ رومانوی نہ ہوں۔امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کے مطابق آسٹریلیا میں گزشتہ 35 سال سے نشر ہونے والے ریئلٹی تھیٹر ڈرامے کی شوٹنگ ایک ماہ تک بند ہونے کے بعد اپریل کے آخر سے دوبارہ شروع کردی گئی، تاہم اس دوران انتہائی سخت احتیاطی تدابیر اختیار کی جا رہی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق تھیٹر ڈرامے کے پروڈیوسرز اور ہدایت کار نے ڈرامے کی کاسٹ اور عملے کو سخت احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا حکم دیتے ہوئے ایک دوسرے سے کم از کم 5 فٹ کے فاصلے پر رہنے کی ہدایات کی ہیں۔دلچسپ بات یہ ہے کہ ریئلٹی تھیٹر ڈرامے کے دوران پہلی بار رومانوی مناظر کو شوٹ نہیں کیا جا رہا ہے اور نہ ہی ڈرامے میں ہیرو اور ہیروئن کی جانب سے ایک دوسرے کو بوسہ دیے جانے کے مناظر کو شامل کیا جا رہا ہے۔مذکورہ تھیٹر کا نام نیبرز ہے اور اس کو گزشتہ 35 سال سے سیون نیٹ ورک کے ٹی وی چینل پر نشر کیا جا رہا ہے، اس ڈرامے کی پہلی قسط مارچ 1985 میں نشر کی گئی تھی۔