آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس ، سید خورشید شاہ کے اہلخانہ کی ضمانت منسوخی کیلئے نیب نے سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا

سندھ ہائی کورٹ نے ملزمان کیخلاف شواہد کو نظرانداز کیا، سندھ ہائی کورٹ کا 22 اپریل کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے، نیب کی استدعا

بدھ 13 مئی 2020 13:44

آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس ، سید خورشید شاہ کے اہلخانہ کی ضمانت منسوخی ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مئی2020ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سید خورشید شاہ کے اہلخانہ کی ضمانت منسوخی کیلئے نیب نے سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا ۔ بدھ کو آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں خورشید شاہ کے اہلخانہ کی ضمانت منسوخی کیلئے نیب نے سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا ۔ نیب کی جانب سے خورشید کی دو بیویوں بی بی گل ناز اور بی بی طلعت کی ضمانت اور خورشید شاہ کے بیٹے زیرک شاہ اور بھتیجے کی ضمانت کا فیصلہ چیلنج کیا گیا ۔

نیب نے تمام ملزمان کی ضمانتیں منسوخ کرنے کی استدعا کر دی ۔

(جاری ہے)

نیب نے استدعا کی کہ سندھ ہائی کورٹ کا 22 اپریل کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔اپیل میں کہاگیاکہ سندھ ہائی کورٹ نے ملزمان کیخلاف شواہد کو نظرانداز کیا، سندھ ہائی کورٹ نے کیس کے حقائق کا درست جائزہ نہیں لیا۔ اپیل میں کہاگیاکہ ہائی کورٹ نے فیصلے میں سپریم کورٹ کے وضع کردہ اصولوں کو نظرانداز کیا، خورشید شاہ نے 2005 سے 2019 تک آمدن سے 71 کروڑ روپے زائد خرچ کیے۔اپیل میں کہاگیاکہ خورشید شاہ اور انکے اہلخانہ بنک اکائونٹس میں موجود 84 ہزار امریکی ڈالرز کا حساب نہ دے سکے، خورشید شاہ اور اہلخانہ اکائونٹس میں پڑے 37کروڑ سے زائد روپے کا بھی حساب نہ دے سکے۔