نیب کی وفاقی وزیر مخدوم خسرو بختیار اورصوبائی وزیر خزانہ مخدوم ہاشم جواں بخت کے اثاثوں کی تحقیقات کیخلاف دائر درخواست پرتین ماہ میں انکوائری مکمل کرنے کی یقین دہانی

بدھ 13 مئی 2020 21:22

نیب کی وفاقی وزیر مخدوم خسرو بختیار اورصوبائی وزیر خزانہ مخدوم ہاشم ..
لاہور۔13 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مئی2020ء) لاہور ہائیکورٹ نے نیب کی جانب سے وفاقی وزیر مخدوم خسرو بختیار اورصوبائی وزیر خزانہ مخدوم ہاشم جواں بخت کے اثاثوں کی تحقیقات نہ کرنے کے خلاف دائر درخواست پرنیب نے عدالت کو دونوں وزرائ کے خلاف انکوائری تین ماہ مکمل کرنے کی یقین دہانی کروادی۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سردار احمد نعیم کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے احسن عابد کی درخواست پر سماعت کی۔

دوران سماعت نیب کی جانب سے سپیشل پراسیکیوٹر سید فیصل بخاری پیش ہوئے اور عدالت کو آگاہ کیا کہ دونوں اراکین اسمبلی کے خلاف تحقیقات کیلئے ریکارڈ اکٹھا کیا گیا ہے،تین ماہ میں انکوائرای مکمل کر لی جائیگی۔درخواست گزار احسن عابد نے موقف اختیار کیا کہ مخدوم خسرو بختیار نے این اے 177 رحیم یار خان سے الیکشن لڑا، مخدوم ہاشم جواں بخت نے پی پی 259 رحیم یار خان سے انتخاب میں کامیابی حاصل کی۔

(جاری ہے)

دونوں بھائیوں کے اثاثوں سے متعلق نیب ملتان کو ان کے خلاف کارروائی کے لیے درخواست دی، نیب کی جانب سے کارروائی نہ کرنے پر لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا ہے، درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ نیب ملتان نے انکوائری اب مزید کارروائی کے لیے نیب لاہور بھجوادی ہے جبکہ درخواست گزار کو انکوائری کی پیش رفت بارے آگاہ نہیں کیا جارہا۔درخواست گزار نے استدعاکی کہ عدالت نیب انکوائری ملتان سے لاہور منتقل کرنے کا اقدام کالعدم قرار دے۔ نیب کی جانب سے دونوں وزرائ کے خلاف تین ماہ میں انکوائری مکمل کرنے کی یقین دہانی کا جواب داخل کرانے پر عدالت نے درخواست نمٹادی۔