شوگر کے مریض لاک ڈاؤن کے نرم ہونے پر بھی سماجی دوری کا خاص خیال رکھیں، وسیم اکرم کی اپیل

ذیابیطس کے شکار مریض اگر کورونا کا شکار بھی ہو گئے تو وہ اس کا مقابلہ نہیں کرسکیں گے، سابق کپتان کا بیان

جمعرات 14 مئی 2020 15:05

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مئی2020ء) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نیشوگر کے مریضوں کیلئے خدشے کا اظہار کرتے ہوئے ان سے اپیل کی ہے کہ وہ لاک ڈاؤن کے نرم ہونے پر بھی سماجی دوری کا خاص خیال رکھیں۔

(جاری ہے)

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے ایک پیغام میں وسیم اکرم نے شوگر کے مریضوں اور ان کے اہل خانہ سے اپیل کی کہ وہ سماجی دوری کا خاص خیال رکھیں کیونکہ ذیابیطس کے شکار مریض اگر کورونا کا شکار بھی ہو گئے تو وہ اس کا مقابلہ نہیں کرسکیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ شوگر کے مریضوں کا مدافعتی نظام پہلے ہی ایک کٹھن مقابلہ کررہا ہوتا ہے، ان کا مدافعتی نظام نئے چیلنج کا متحمل نہیں ہوسکتا۔وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ ذیابیطس کے مریض اس وائرس کا شکار ہونے کا خطرہ کسی صورت مول نہ لیں کیونکہ وہ اس کا مقابلہ کسی صورت نہیں کرسکیں گے۔ انہوں نے اپنے خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ یا آپ کے ساتھ رہنے والے معاشرتی دوری اور احتیاطی تدابیر کا خیال نہیں رکھتے تو آپ کو خطرہ لاحق ہے۔