اسرائیل نے مسجد ابراہیمی کی وقف اراضی پرقبضہ کر لیا

مسجد ابراہیمی سے متصل اراضی پر ایک نئی یہودی کالونی تعمیر کرنے کی منظوری ،تعمیراتی کام شرو ع کردیاگیا

جمعرات 14 مئی 2020 16:59

الخلیل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مئی2020ء) قابض صہیونی ریاست نے مغربی کنارے کے تاریخی شہر الخلیل میں قائم مسجدابراہیمی کی وقف شدہ اراضی پر یہودی کالونی کی تعمیر کے لیے اراضی پرقبضہ کرلیا ہے۔مرکزطلاعات فلسطین کے مطابق صہیونی فوج کی طرف سے گذشتہ روز مسجد ابراہیمی کی وقف شدہ اراضی پرقبضہ کرنے کے بعد وہاں پر تعمیراتی کام شروع کردیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ حال ہی میں اسرائیلی وزیر دفاع نفتالی بینٹ نے مسجد ابراہیمی سے متصل اراضی پر ایک نئی یہودی کالونی تعمیر کرنے کی منظوری دی تھی۔ اس منصوبے میں ایک کار پارکنگ ، یہودی آبادکاروں کی مسجد ابراہیمی تک رسائی کے لیے ٹریک کا قیام اور یہودی آباد کاروں کے لیے رہائشی فلیٹس تعمیر کیے جائیں گے۔ صہیونی حکام کی طرف سے اراضی پر اعتراض کے لیے فلسطینیوں کو 60 دن کے اندر اندر اعتراض پیش کرنے کی اجازت دی ہے۔مسجد ابراہیمی کے قریب یہودی کالونی کے منصوبے کے لیے اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو اور وزیر خارجہ یسرائل کاٹز بھی منظوری دے چکے ہیں۔