کورونا کی خطرناک وباء سے آپ اپنے آپ کو بچائیں، اپنے بچوں اور اپنے بزرگوں کا تحفظ کریں، اپنی عبادات اور عزاداری اپنے گھروں میں ہی کریں، بلاول بھٹو زرداری کی قوم سے اپیل

جمعہ 15 مئی 2020 10:35

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2020ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے قوم کے نام ایک ویڈیو پیغام میں قوم سے اپیل اور درخواست کی ہے کہ آج 21 ویں رمضان کی بڑی رات ہے، کل جمعة المبارک اور یوم علی کرم اللہ وجہُ بھی ہے۔ایسے میں کورونا کی خطرناک وباء سے آپ اپنے آپ کو بچائیں، اپنے بچوں اور اپنے بزرگوں کا تحفظ کریں، اپنی عبادت اور عزاداری اپنے گھروں میں ہی کریں۔

بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ ہمارے فرنٹ لائن ورکرز ہمارے ڈاکٹرز، ہماری نرسیں، ہمارے پیرامیڈیکل اسٹاف جو اس وقت دن رات محنت کر رہے ہیں اپنی صحت اور زندگیاں خطرے میں ڈال رہے ہیں تاکہ وہ آپ کا اور ہم سب کا تحفظ کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ان پر اتنا ہی بوجھ ڈالنا چاہتے ہیں جتنا وہ اٹھا سکیں۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے آج پارٹی کے رہنمائوں سینٹریوسف بلوچ، سندھ کے صوبائی وزیر سہیل انور سیال، جان اکرام اللہ دھاریجو اور رکن قومی اسمبلی خالد خان لٴْنڈ کو ٹیلیفون کرکے کورونا کی صورتحال بارے ان سے آگاہی حاصل کی۔

سینیٹر یوسف بلوچ نے لیاری میں کورونا وائرس کی صورتحال پر پارٹی چیئرمین کو رپورٹ پیش کی۔ چیئرمین پیپلزپارٹی نے سینیٹر یوسف بلوچ سے لیاری میں راشن کی تقسیم کے حوالے سے معلومات بھی حاصل کرتے ہوئے انہیں ہدایات کی کہ لیاری میں عوام کی صحت پر توجہ دی جائے اور انہیں کورونا سے محفوظ رکھنے کے لئے تمام اقدامات اٹھائے جائیں۔ چیئرمین پیپلزپارٹی نے اس ضرورت پر زور دیا کہ لیاری میں عوام کی صحت پر توجہ دی جائے اور انہیں کورونا کی وباء سے محفوظ رکھنے کے لئے تمام تر اقدامات اٹھائے جائیں۔

عوام کی مشکلات ختم کرنے کے لئے حکومت سے مدد حاصل کی جائے اور لیاری میں پارٹی ذمے دار لیاری میں سماجی فاصلے کی آگاہی کے لئے کردار ادا کریں۔ چیئرمین پیپلزپارٹی نے صوبائی وزیر سہیل انور سیال کو بھی ٹیلیفون کرکے ان سے لاڑکانہ میں کورونا کی صورتحال معلوم کی۔ سہیل انور سیال نے چیئرمین پیپلزپارٹی کو تفصیلی رپورٹ دیتے ہوئے کہا کہ لاڑکانہ میں کورونا ٹیسٹ کا سلسلہ جاری ہے اور کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے سہیل انور سیال سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ عوام کو مشکلات سے بچانے اور ان کی امداد کو یقینی بنایا جائے۔ بلاول بھٹوزرداری نے حضرت علی کرم اللہ وجہُ کی یوم شہادت کے حوالے سے بھی معلومات حاصل کیں۔ سہیل انور سیال نے چیئرمین پیپلزپارٹی کو بتایا کہ حضرت علی کرم اللہ وجہُ کی شہادت کے موقع پر تمام حفاظتی انتظامات کئے جا رہے ہیں۔

سہیل انور سیال نے پارٹی چیئرمین کو عید سے قبل مستحقین میں مالی امداد کی فراہمی سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ عید سے قبل زکواة مستحقین کو رقم تقسیم کی جا چکی ہے۔ بینظیر معاونت پروگرام کا کارڈ رکھنے والوں کو بھی فی کس 2000 تقسیم کئے جا چکے ہیں۔ سہیل انور سیال نے چیئرمین پی پی پی کو بتایا کہ 2019-20ء میں سندھ بھر میں رجسٹر 94934 افراد میں 189.868 ملین روپے تقسیم کئے جا چکے ہیں۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے غریب اور مستحق افراد میں عید سے قبل رقم کی تقسیم پر اطمینان کا اظہار کیا۔ چیئرمین پیپلزپارٹی نے سندھ کے وزیر صنعت جام اکرام اللہ دھاریجو کو بھی ٹیلی فون کرکے ان سے کورونا وباء کی وجہ سے سندھ کی صنعتوں پر پڑنے والے اثرات کے حوالے سے معلومات حاصل کیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے جام اکرام اللہ دھاریجو کو ہدایت کی کہ صنعتوں میں کام کرنے والے محنت کشوں کو کورونا وائرس سے محفوظ رکھنے کے لئے ٹھوس اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔

ہماری ترجیح محنت کشوں کی ملازمت اور صحت کو محفوظ رکھنا ہے۔ چیئرمین پیپلزپارٹی نے صوبائی وزیر کو ہدایات کی کہ کورونا سے محفوظ رہنے کے لئے سماجی فاصلے کی اہمیت کو اجاگر کیا جائے۔ بلاول بھٹو زرداری نے جام اکرام اللہ سے ان کے حلقے کے عوام کو کورونا سے بچائو کے بارے اٹھائے جانے والے اقدامات کے بارے دریافت کرتے ہوئے انہیں ہدایات کی کہ منتخب نمائندے کے ناطے اپنے حلقے کے عوام سے رابطے میں رہیں۔

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے رکن قومی اسمبلی خالد خان لنڈ کو ٹیلی فون کرکے ان کے حلقے میں کورونا وائرس اور ٹڈی دًل سے ہونے والے نقصانات سے آگاہی حاصل کی۔ چیئرمین پیپلزپارٹی نے خالد خان لنڈ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وباء کی وجہ سے پوری دنیاپریشان ہے۔ آپ اپنے حلقے کے عوام کو اس وباء سے بچانے کے لئے کام کریں۔بلاول بھٹو زرداری نے انہیں ہدایت کی کہ وہ عوام کے مسائل حل کریں اور ٹڈی دًل سے ہونے والے نقصانات کے کوائف کی رپورٹ دیں۔