قومی اسمبلی کی کمیٹی بنا کر کورونا وائرس کی وبا کی صورتحال کی یومیہ مانیٹرنگ کی جائے، ملک میں تعلیمی ایمرجنسی لگائی جائے، مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی احسن اقبال کا قومی اسمبلی میں وبا کی موجودہ صورتحال پر بحث کے دوران اظہار خیال

جمعہ 15 مئی 2020 12:01

قومی اسمبلی کی کمیٹی بنا کر کورونا وائرس کی وبا کی صورتحال کی یومیہ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2020ء) مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی احسن اقبال نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا کی صورتحال کی یومیہ مانیٹرنگ کے لئے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی قائم کی جائے اور فی الفور ملک میں تعلیمی ایمرجنسی نافذ کرکے بچوں کے تعلیمی نقصان کا ازالہ کیا جائے۔ جمعہ کو قومی اسمبلی میں کورونا وائرس کی وبا کی موجودہ صورتحال پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ کورونا نے پوری دنیا کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔

امریکہ جیسی سپر پاور جو دنیا کے لئے ہیبت کا باعث بنی تھی اس کے تمام جنگی سازوسامان بھی بے بس ہو کر رہ گئے۔ انہوں نے کہا کہ جتنا ضروری اقوام عالم کے لئے اسلحہ پر خرچ کرنا ہے اس سے کہیں زیادہ ضرورت انسانوں کے تحفظ پر خرچ کرنے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ستمبر تک اس وباء کے عروج پر رہنے کی بات کی جارہی ہے۔ ہمیں ہر طرح کے حفاظتی اور احتیاطی اقدامات کو مدنظر رکھنا ہوگا۔

چین‘ جنوبی کوریا‘ نیوزی لینڈ اور جرمنی نے بڑی کامیابی کے ساتھ اس وباء کا مقابلہ کیا ہے اور جن ممالک نے اس وبا کے وقت کبوتر کی طرح آنکھیں بند کیں وہاں لوگ اس طرح مر رہے ہیں جیسے درختوں سے پتے جھڑتے ہیں۔ ہم مارچ میں اس معاملے کو اسمبلی میں زیر بحث لانے پر زور دیتے رہے مگر سیشن 13 مارچ کو اچانک ختم کردیا گیا۔ انہوں نے ڈبلیو ایچ او کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ 2018ء میں پولیو ختم ہوگیا تھا مگر موثر پالیسی نہ ہونے کی بناء پر اس کے نئے کیسز سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس صورتحال میں ہمیں سنجیدہ طرز عمل اختیار کرنا چاہیے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس ایوان کی کمیٹی بنا کر کورونا وائرس کی وبا کی صورتحال کی یومیہ مانیٹرنگ کی جائے اور فی الفور ملک میں تعلیمی ایمرجنسی لگائی جائے۔