سعودی عرب میں کورونا کے 2307نئے کیسز سامنے آگئے، مزید 9افراد جاں بحق

مملکت میں متاثرہ افراد کی تعداد 49ہزار176ہوگئی، 292مریض جان بحق ہوچکے، 21869مریض صحتیاب ہوکر گھروں کو چلے گئ

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ جمعہ 15 مئی 2020 17:56

سعودی عرب میں کورونا کے 2307نئے کیسز سامنے آگئے، مزید 9افراد جاں بحق
ریاض (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 15مئی 2020ء) سعودی عرب میں کورونا مریضوں کی یومیہ تعداد بڑھنے لگی، مملکت میں مزید 2307مریضوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی، جس سے مجموعی مریضوں کی تعداد49ہزار176 ہوگئی ہے۔ سعودی وزارت صحت کے مطابق مملکت میں گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران مزید 2307مریضوں کا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آگیا ہے۔ نئے کیسز کے ساتھ کورونا کے مجموعی مریضوں کی تعداد 49176 ہوگئی ہے۔

لیکن اس کے ساتھ اموات کی تعداد میں کمی دیکھنے میں آئی ہے، پچھلے 24 گھنٹے میں 9مریض انتقال کرگئے ، جس سے اموات کی تعداد 292 ہوگئی ہے۔اسی طرح صحت یاب مریضوں کی شرح میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔ مجموعی تعداد میں 30 فیصد مریض صحت یاب ہوگئے ہیں، آج بھی مزید 2818مریض صحتیاب ہوئے ہیں جس کے بعد صحت یاب مریضوں کی مجموعی تعداد 21869 ہوگئی ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب اس سال حج کا بڑے پیمانے پر انعقاد نہ ہونے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔

سعودی حکومت کی جانب سے حج سے متعلق حتمی اعلان تاحال نہ کیا جا سکا۔وزارت مذہبی امور نے سعودی وزارت حج سے رابطہ بھی کیا ہے اور استفسار کیا ہے کہ رواں سال حج ہوگا یا نہیں یا اس حوالے سے کیا انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ سعودی عرب کی جانب سے حکومت کو جواب دیا گیا ہے کہ کورونا کی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔صورتحال کلیئر ہونے پر تمام ممالک کا آغاز کیا جائے گا۔

دوسری جانب پی آئی اے کی خصوصی پرواز ریاض سے 250پاکستانیوں کو واپس لے کر لاہور پہنچ گئی۔ سعودی عرب سے پاکستانیوں کی واپسی کے لیے مزید چھ خصو صی پروازوں کے شیڈول کا اعلان کیا گیا ہے۔ جس کے مطابق جدہ سے پی آئی اے کی ایک اور پرواز پیر18 مئی کو250 مسافروں کو لے کرفیصل آباد جائے گی جب کہ جمعرات21 مئی کو دمام سے اسلام آباد کے لیے خصوصی پرواز چلائی جائیگی۔

ہفتہ کو پی آئی اے کی ایک اور پرواز مدینہ سے 250 پاکستانیوں کو لے کر کراچی پہنچے گی۔اس موقع پر پاکستانی سفارتخانے کے ویلفیئر قونصلر عبدالشکور اور دیگر اہلکار ایئر پورٹ پر موجو د تھے۔سول ایوی ایشن حکام کے مطابق 21 مئی کو پی آئی اے کی پرواز دمام سے اسلام آباد کیلئے چلائی جائے گی۔اس کے علاوہ سعودی ایئرلائنز کی دو خصوصی پروازیں 17 اور 21 مئی کو پشاور اور ملتان کے لیے شیڈول ہیں۔