پنینا تمانو شاتاایتھوپیا میں پیدا ہونے والی پہلی اسرائیلی وزیر نامزد

میری جدوجہد کا مقصد برادری کو معاشرے میں جگہ دلانا، تسلیم کرانا اور ان کے خلاف نسلی امتیاز ختم کرانا ہے، وزیر کی گفتگو

ہفتہ 16 مئی 2020 13:28

مقبوضہ بیت المقدس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مئی2020ء) اسرائیل کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک ایسے شخص کو وزیر کے عہدے کے لیے نامزد کیا گیا ہے جو ایتھوپیا میں پیدا ہوا،یہ اسرائیل کی وہ خاتون رکن پارلیمان ہیں جنھیں 1980 کی دہائی میں ایک خفیہ کارروائی کے دوران یہاں لایا گیا تھا۔پنینا تمانو شاتا کو نائب وزیر اعظم بینی گینٹز نے وزیر اعظم بن یامین نیتن یاہو کی جماعت کے ساتھ مل کر بنائی جانے والی متحدہ حکومت میں وزیر کے طور پر نامزد کیا ہے۔

وزرا کی تعیناتی میں تاخیر کے بعد توقع ہے کہ اتوار کو نئی حکومت حلف اٹھا لے گی اور حکومت سازی کا عمل مکمل ہو جائے گا۔اسرائیل میں ایتھوپیا سے تعلق رکھنے والے یہودی اکثر امتیازی سلوک کی شکایت کرتے ہیں۔حالیہ برسوں کے دوران پولیس کی طرف سے ایتھوپین نژاد یہودیوں کے خلاف بے جا طاقت کے استعمال پیش آئے ہیں، جس میں ان پر فائرنگ کے واقعات بھی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

اس کے باعث اس برادری کی جانب سے کئی مظاہرے بھی کیے گئے ہیں۔ایک لاکھ 40 ہزار افراد پر مشتمل اس کمیونٹی میں بے روزگاری کی شرح بھی بہت زیادہ ہے۔اسرائیل میں ایتھوپیا سے تعلق رکھنے والے یہودیوں کی دوسری نسل کے نوجوان زندگی کے مختلف شعبوں میں کافی کامیاب رہے ہیں اور اعلیٰ عہدوں تک پہنچے ہیں جن میں فوج، عدلیہ اور سیاست کے شعبے شامل ہیں۔

پنینا تمانو شاتا کا تعلق سابق فوجی سربراہ بینی گینٹز کی بلیو اینڈ وائٹ سے ہے۔ انھیں امیگریشن کی وزارت کیلئے نامزد کیا گیا ہے۔ایک اسرائیلی اخبار سے بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ میرے لیے یہ ایک سنگِ میل ہے جو چکر مکمل ہونے کے مترادف ہے۔انھوں نے کہا کہ وہ تین سالہ بچی تھیں جب انھوں نے ماں کے بغیر ہجرت کر کے اسرائیل میں قدم رکھا جس میں پیدل ایک پورا صحرا پار کرنے کا سفر بھی شامل تھا۔

پھر اسرائیل میں اپنی برادری کی جدوجہد کی قیادت کی جو اب بھی کر رہی ہوں۔انہوںنے کہاکہ ان کی جدوجہد کا مقصد اس برادری کو معاشرے میں جگہ دلانا، تسلیم کرانا اور ان کے خلاف نسلی امتیاز ختم کرانا ہے۔1980 کی دہائی میں 16 ہزار کے قریب ایتھوپین یہودی شمالی ایتھوپیا سے پیدل سفر کر کے سوڈان پہنچے تھے تاکہ وہ اسرائیل پہنچ سکیں۔