پی ایس ایل5 ، لائیو سٹریمنگ تنازع وزیراعظم عمران خان تک پہنچ گیا

حساس معاملے کوقومی اسمبلی کے اجلاس میں بھی اٹھایا جائیگا: رکن قومی اسمبلی و پبلک اکاؤنٹس کمیٹی اقبال محمد علی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 16 مئی 2020 13:29

پی ایس ایل5 ، لائیو سٹریمنگ تنازع وزیراعظم عمران خان تک پہنچ گیا
اسلام آباد (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔16مئی 2020ء ) گذشتہ روز ملاقات میں آئی پی سی سپورٹس کمیٹی کے رکن اقبال محمد علی نے اس حوالے سے انھیں ابتدائی معلومات فراہم کردیں، ان کا کہنا ہے کہ میں اس حوالے سے خط بھی تحریر کروں گا، یہ بیحد حساس معاملہ ہے، اسے قومی اسمبلی کے اجلاس میں بھی اٹھایا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق رواں برس پی ایس ایل 5 کی ایک غیرملکی جوئے کی ویب سائٹ پر لائیو سٹریمنگ ہوئی، میڈیا پر خبر آنے کے بعد پی سی بی نے غلطی تسلیم کر لی اور ساتھ ہی میڈیا پارٹنر کو اس کا قصوروار قرار دیا،اب اس تنازع کی باز گشت وزیر اعظم عمران خان تک پہنچ گئی ہے۔

آئی پی سی سپورٹس کمیٹی کے رکن اقبال محمد علی نے اس حوالے سے انھیں ابتدائی معلومات فراہم کردیں، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی اسمبلی اورپبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے رکن نے کہا کہ گزشتہ روز وفد کے ہمراہ میری وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات ہوئی، دیگر معاملات پر گفتگو کرنے کے بعد میں نے کرکٹ کی جانب توجہ مبذول کرائی، میں نے انھیں بتایا کہ ایک جوئے کی ویب سائٹ پر پی ایس ایل کے میچز لائیو سٹریم ہوئے، یہ جان کر وہ حیران رہ گئے۔

(جاری ہے)

اس پر وہاں موجود سیکریٹری نے ان سے کہا کہ چونکہ ایسا ملک سے باہر ہوا اس لیے آپکو آگاہ نہیں کیا گیا، میں نے انھیں بتایا کہ چیئرمین پی سی بی احسان مانی پہلے تو تردید کرتے رہے پھر تسلیم کر لیا کہ میڈیا پارٹنر نے بغیر بتائے جوئے کی کمپنی کو حقوق فروخت کیے۔ اقبال محمد علی نے مزید کہا کہ چونکہ کورونا و دیگر مسائل کی وجہ سے وزیر اعظم مصروف ہیں شاید اس لیے وہ اتنے اہم معاملے سے لاعلم تھے، میں نے ان سے یہ بھی کہا کہ پی ایس ایل ون اور ٹو کی آڈٹ رپورٹ سمیت پی سی بی کے حوالے سے ایک دستاویز پر آپ سے بات کرنی ہے، چونکہ وقت کم تھا اس لیے ایسا نہ ہو سکا، انھوں نے کہا کہ میں اب وزیر اعظم کو ایک خط بھیج کر تمام تفصیلات سے آگاہ کروں گا، لائیو سٹریمنگ کا معاملہ قومی اسمبلی کے اجلاس میں بھی اٹھایا جائے گا۔