غیر جانبدار نگران حکومت کے ذریعے صاف و شفاف انتخابات کو یقینی بنا کر آنے والی نسلوں کے لیے مثال قائم کر یں گے، گورنر گلگت بلتستان

ہفتہ 16 مئی 2020 13:50

غیر جانبدار نگران حکومت کے ذریعے صاف و شفاف انتخابات کو یقینی بنا کر ..
گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2020ء) گورنر گلگت بلتستان راجہ جلال مقپون نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں آنے والے انتخابات میں غیر جانبدار نگران حکومت کے ذریعے صاف و شفاف انتخابات کو یقینی بنا کر آنے والی نسلوں کے لیے مثال قائم کر یں گے۔

(جاری ہے)

میڈیا سے گفتگو کرتے وہئے انہوں نے کہا کہ موجودہ ن لیگ کی صوبائی حکومت کی مدت ختم ہونے میں ایک ماہ باقی ہے آج تک علاقے کے وسیع تر مفاد میں وفاقی حکومت اور گورنر آفس نے صوبائی حکومت کے جائز و قانونی معاملات میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی ہے بلکہ صوبائی حکومت کی بھرپور مدد کرتے ہوئے نہ صرف مالی امداد فراہم کی ہے بلکہ کوروناوائرس سے پیداہونے والے حالات میں بھی بھرپور امداد فراہم کررہے ہیں۔

نگران حکومت کے قیام کے لئے جاری صدارتی آرڈر بارے انہوں نے کہا کہ اس ترمیمی آرڈر کے ذریعے گلگت بلتستان میں موجودہ حکومت کا دورانیہ مکمل ہونے کے بعد غیر جانبدار نگران حکومت کا قیام عمل میں لایا جائے گا اور گلگت بلتستان میں صاف و شفاف انتخابات کو یقینی بنانے کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔