منظور ناصر نے ڈائریکٹر جنرل قائد کی حیثیت سے اضافی چارج سنبھال لیا

ہفتہ 16 مئی 2020 23:01

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 مئی2020ء) پنجاب کریکولم اینڈ ٹیکسٹ بک بورڈ کے ایم ڈی رائے منظور ناصر نے جمعہ کے روز قائداعظم اکیڈمی فار ایجوکیشنل ڈویلپمنٹ (قائد) کے ڈائریکٹر جنرل کی حیثیت سے اضافی چارج سنبھال لیا۔اس موقع پر تعارفی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انتظامی اصلاحات اور موثر عملی اقدامات کے ذریعے قائداعظم اکیڈمی کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ادارہ بنایا جائے گا۔

رائے منظور ناصر نے کہا کہ قائد اعظم اکیڈمی میں انتظامی امور میں موجود خامیوں کو دور کرنے کیلئے قابل عمل اصلاحات لانا ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ ہم قائد اکیڈمی کے سیٹ اپ کو صوبے کے کونے کونے میں لے کر جائیں گے اور ایک ایک ٹیچر کو ایسی زبردست ٹریننگ دی جائے گی کہ بہترین تربیت یافتہ اساتذہ کی بالکل نئی کھیپ سامنے آئے گی جو آنے والی نسلوں کے روشن مستقبل کی ضامن ہوگی۔

(جاری ہے)

ان اساتذہ کے زیرسایہ تعلیم حاصل کرنے والے نوجوان معاشرے کے بہترین انسان بنیں گے۔ رائے منظور ناصر نے کہا کہ اساتذہ کی تربیت کو جدید عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہو گا کیونکہ موثر تربیت کے بغیر اچھے اساتذہ سامنے نہیں لائے جا سکتے۔ انہوں نیاس عزم کا اظہار کیا کہ اکیڈمی میں ایک وڑن کے تحت جامع منصوبہ بندی کے ذریعے اصلاحاتی ایجنڈا متعارف کرایا جائے گا جس سے صوبے بھر میں قائد ایک مثالی تربیتی ادارہ اور حقیقی معنوں میں قیادت کی علامت کے طور پر سامنے آئے گا۔

انہوں نے قائد کے سٹاف کو یقین دلایا کہ ان کے تمام جائز مسائل حل کئے جائیں گے۔ کام کرنے والے لوگوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جائے گی اور انہیں مراعات دی جائیں گی۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ رائے منظور ناصر کی زیر صدارت قائد کا پہلا اجلاس عین اپنے مقررہ وقت پر صبح دس بجے شروع ہوا اور بغیر وقفے کے دوگھنٹے جاری رہا۔