قومی انعامی بانڈز کی پرائز منی ڈیڑھ ماہ بعد بھی کریڈٹ نہ ہو سکی

انعامی بانڈ کی خصوصی جانچ پڑتال کی صورت میں کریڈٹ کی مدت زیادہ سے زیادہ 15یوم مقرر ہے

اتوار 17 مئی 2020 14:45

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2020ء) قومی انعامی بانڈز کی پرائز منی ڈیڑھ ماہ بعد بھی کریڈٹ نہ ہو سکی ۔اے پی پی کو دستیاب معلومات کے مطابق سٹیٹ بنک آف پاکستان کے قواعد و ضوابط کے مطابق قومی انعامی بانڈز کی 10لاکھ روپے سے کم مالیت کی انعامی رقم کی 5ورکنگ ڈے میں ادائیگی کی جاتی ہے جبکہ کسی بھی انعامی بانڈ کی خصوصی جانچ پڑتال کی صورت میں یہ مدت زیادہ سے زیادہ 15یوم مقرر ہے ۔

(جاری ہے)

حالیہ عرصہ میں پرائز منی کے کلیمز کی ادائیگیاں ایک ماہ سے زائد عرصہ گذر جانے کے باوجود نہ ہونے کی شکایات سامنے آئی ہیں ۔ایک صارف نے قومی خبر ایجنسی کو بتایاکہ اس نے سٹیٹ بنک کے بگ پرائز منی یونٹ میں 15000روپے کے انعامی بانڈ کاکلیم 06اپریل کو جمع کروایا جو کہ 17مئی تک کریڈٹ نہیں ہو سکا تھا ۔صارف نے بتایاکہ سٹیٹ بنک کا کہنا ہے کہ کورونا لاک ڈائون خاتمے کے ایک ماہ بعد پرائز منی کریڈٹ ہو سکے گی جبکہ صارف نے اس پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اصلاح احوال کا مطالبہ کیا ہے۔