حکومت سے لاک ڈائون تو نہیں ہو سکا لیکن حکومت نے اپنی عقل ڈائون ہونے کا ثبوت دیدیا ہے ‘احسن اقبال

احتساب اور انتقام کو اس حد تک بدنام کردیا گیا ہے کہ نیب کسی کو بلاتی ہے تو اس کا قد بلند ہو جاتا ہے ‘ سیکرٹری جنرل (ن) لیگ

اتوار 17 مئی 2020 20:30

لاہور/نارروال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مئی2020ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان میں لاک ڈائون کی جتنی قسمیں ایجاد ہوئی ہیں پوری دنیا میں نہیں ہوئیں، لاک ڈائون سافٹ ، سمارٹ لاک یا پھر نو لاک ڈائون تھا ۔

(جاری ہے)

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اور ایک بیان میں احسن اقبال نے کہا کہ حکومت سے لاک ڈائون تو نہیں ہو سکا لیکن حکومت نے اپنی عقل ڈائون ہونے کا ثبوت دیدیا ہے ،اس وقت ملک میں کرونا کو بولونا، لکھو نا اور پوچھو نا بنا دیا گیا ہے ،اگر لکھو گے ، بولو گے اور پوچھو گے تو نیب پیچھے پڑے گا اور جیل جائو گے ۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کی کوئی حکومت انتقامی ایجنڈے کے ساتھ کامیاب نہیں ہو سکتی،ہم حکومت کے ہتھکنڈوں سے نہیں ڈرتے ،میں بھی جیل دیکھ آیا ہوں ،نیب دیکھ آیا ہوں ،دوبارہ بھی حکومت پھینکے گی تو کوئی فرق نہیں پڑے گا ۔ احسن اقبال نے کہا کہ حکومت نے احتساب اور انتقام کو اس حد تک بدنام کردیا ہے کہ اگر نیب کسی کو بلاتی ہے تو اس کا قد بلند ہو جاتا ہے ۔