wراولاکوٹ میں کرونا سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد چھ ہو گئی

ذ* ایک فوجی آفیسر ، ایک سابق نیوی اہلکار اور ڈاکٹر سمیت چھ افراد شامل

اتوار 17 مئی 2020 20:36

ً راولاکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 مئی2020ء) راولاکوٹ میں کرونا سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد چھ ہو گئی۔ جاں بحق ہونے والوں میں ایک فوجی آفیسر ، ایک سابق نیوی اہلکار اور ڈاکٹر سمیت چھ افراد شامل ہیں۔ پانچ افراد کو مادر وطن کی مٹی بھی نصیب نہ ہو سکی۔ ان کی تدفین بیرونی دنیا میں ہی کی گئی۔ صرف ایک شخص ہوشیار خان کی خوش قسمتی کہ اسے اپنی وصیت کے مطابق آبائی گائوں چھوٹی نکر علی سوجل میں سپرد خاک کیا گیا۔

ہوشیار خان کا انتقال کرونا کے باعث امریکہ میں ہوا۔ اس کی تدفین کے بعد تدفین میں استعمال ہونے والے تمام سامان کو موقع پر ہی جلا دیا گیا جبکہ تدفین میں انتظامیہ خود بھی موجود تھی۔وادی جبوتہ سے ہی تعلق رکھنے والے سابق ممبر قانون سازا سمبلی حاجی زمان خان مرحوم کی پوتی کے خاوند میجر اصغر جو طورخم بارڈر پر متاثر ہو کر جان سے ہاتھ دھو بیٹھے کو بوجوہ اپنے سسرال کے ہاں کراچی میں ہی سپرد خاک کیا گیا۔

(جاری ہے)

راولاکوٹ انیاری سے تعلق رکھنے والے پاک نیوی کے سابق اہلکار سجاد گلزار کی تدفین بھی متحدہ عرب امارات میں ہی کی گئی۔ تاہم ان کی غائبانہ نماز جنازہ حسین شہید کالج راولاکوٹ کے گرائونڈ میں بھی ادا کی گئی۔ نواحی گائوں اکھوڑ بن سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر عثمان کی تدفین بھی ابوظہبی میں ہی کی گئی۔ جبکہ سب سے پہلے عباسپور سے تعلق رکھنے والے ۔۔کو بھی لاہور ہی میں سپرد خاک کیا گیا۔ نواحی گائوں تراڑ سے تعلق رکھنے والے برطانیہ میں مقیم ۔۔۔ جنید قیوم کی تدفین بھی برطانیہ میں ہی کی گئی۔