آج کوئی بھی قومی خزانے میں نقب لگانے کا نہیں سوچ سکتا ‘ جمشید اقبال چیمہ

عوام کے پیسے کی حفاظت کریں گے او ران کا پیسہ ان پر خرچ کیا جائے گا‘ سیکرٹری جنرل انصاف ویلفیئر ونگ

پیر 18 مئی 2020 12:20

آج کوئی بھی قومی خزانے میں نقب لگانے کا نہیں سوچ سکتا ‘ جمشید اقبال ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مئی2020ء) انصاف ویلفیئر ونگ کے مرکزی سیکرٹری جنرل جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی ساری توجہ معیشت کی بہتری اور پسے ہوئے طبقات کی زندگیوں میں بہتری اور آسودگی لانے پر مرکوز ہے ، حلقے کے عوام کے مسائل کے حل کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی ۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے این اے 127 میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ موجودہ حکومت نے جن حالات میں ملک کی باگ ڈور سنبھالی ہے عوام اس سے آگاہ ہیں اس لئے اپوزیشن معیشت کی ابتری اور مہنگائی کا واویلا کر کے عوام کی آنکھوں میں دھول نہیں جھونک سکتی ۔ حکومت نے بروقت فیصلوںسے آئی سی یو میں پڑی ہوئی معیشت کو پائوں پر کھڑا کیا لیکن بد قسمتی سے کورونا وائرس کی وجہ سے حکومت کی کوششوں کو شدید نقصان پہنچا۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ حکومت عوام کی مشکلات سے آگاہ ہے اور انہیں ریلیف دینے کیلئے دن رات کام جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ ادوار میں ایک دوسرے سے کرپشن کا مقابلہ کیا گیا جبکہ موجودہ حکومت نے کئی دہائیوں سے چلی آنے والی اس روایت کو توڑا ہے ، آج کوئی بھی قومی خزانے میں نقب لگانے کا نہیں سوچ سکتا ، ہم عوام کے پیسے کی حفاظت کریں گے او ران کا پیسہ ان پر خرچ کیا جائے گا۔ جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ جیسے جیسے وسائل میسر آتے جائیں گے دیرینہ مسائل کو حل کیا جائے گا اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔