خواہش ہے فلم میں میرا کردار عامر خان اور ٹام کروز نبھائیں، شاہد آفریدی

کرکٹ کا آغاز وزیر اعظم عمران خان کو دیکھ کیا : سابق کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 18 مئی 2020 13:18

خواہش ہے فلم میں میرا کردار عامر خان اور ٹام کروز نبھائیں، شاہد آفریدی
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔18مئی 2020ء ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق سٹار آل راؤنڈر شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ اگر ان کی زندگی پر کوئی فلم بنے تو وہ چاہیں گے کہ ہالی وڈ میں ان کا کردار ٹام کروز اور بالی وڈ میں عامر خان کریں۔ ایک سوال کے جواب میں پاکستان کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا کہ اگر ان کی زندگی پر اردو میں فلم بنائی جائے تو ان کی خواہش ہوگی کہ شاہد آفریدی کا کردار بالی وڈ سٹار عامر خان نبھائیں۔

آفریدی نے کہا کہ اگر فلم انگلش میں بنے تو پھر وہ ہالی وڈ ایکشن ہیرو ٹام کروز کو اپنا کردار ادا کرتا دیکھنا چاہیں گے۔ شاہد آفریدی نے کہا کہ وہ کرکٹ کو بہت مس کررہے ہیں، پی ایس ایل میں دو میچز فینز کے بغیر کھیلے ، کراؤڈ کے بغیر وہ مزہ نہیں۔انہوں نے کہا کہ اٹیکنگ کرکٹ کھیلنے کی وجہ سے لوگ انہیں پسند کرتے ہیں، کرکٹ کا آغاز عمران خان کو دیکھ کر کیا، حالانکہ والد نہیں چاہتے تھے کہ وہ کرکٹ کھیلیں۔

(جاری ہے)

آفریدی نے کہا کہ ان کا خواب ہے کہ وہ بچوں کے لیے اکیڈمی بنائیں جہاں کرکٹ کے ساتھ تعلیم بھی دی جاسکے ۔دنیائے کرکٹ میں بوم بوم آفریدی کی نام سے اور ساتھی کھلاڑیوں میں لالہ کے نام سے مشہور شاہد آفریدی انٹرنیشنل کرکٹ کو خیر باد کہہ چکے ہیں اور ان دنوں وہ اپنا زیادہ تر وقت فلاحی سرگرمیوں میں گزارتے ہیں۔ شاہد آفریدی کو دنیا میں اس وقت پہچان ملی جب انہوں ںے اپنی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت صرف 37 گیندوں پر سنچری کا ورلڈ ریکارڈ قائم کیا جو اب ٹوٹ چکا ہے۔ اس کے علاوہ ون ڈے انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ چھکوں کا عالمی ریکارڈ اب بھی شاہد آفریدی کے نام ہے۔